پنڈدادنخان/ کھیوڑہ: تحصیل پنڈدادنخان میں وزیراعلیٰ پنجاب کا "صاف ستھرا پنجاب” ویژن عملی طور پر ناکام ہوتا دکھائی دے رہا ہے۔
پنڈدادنخان، کھیوڑہ شہر اور گرد و نواح میں صفائی کے ناقص انتظامات نے شہریوں کی زندگی اجیرن کر دی ہے، جبکہ راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی (RWMC) کی کارکردگی پر سوالات اٹھنے لگے ہیں۔
گلی محلوں میں گندگی کے ڈھیر معمول بن چکے ہیں اور سینٹری ورکرز کی تعداد کم ہونے کے باوجود فوٹوگرافروں اور سپروائزرز کی تعداد زیادہ ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ صفائی کی اصل صورتحال کو چھپانے کے لیے مخصوص علاقوں کی عارضی صفائی کرکے تصویریں کھینچی جاتی ہیں اور "سب اچھا” کی رپورٹ دی جاتی ہے۔
اس حوالے سے اسسٹنٹ کمشنر پنڈدادنخان نادیہ پروین نے RWMC کے عہدیداروں اور میڈیا نمائندوں سے ایک اجلاس کی صدارت کی جس میں صفائی کے ناقص انتظامات پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔ میٹنگ میں بریفنگ دی گئی، تاہم عملی صورتحال اس کے بالکل برعکس ہے۔
باوثوق ذرائع کے مطابق پنڈدادنخان میں تقریباً 50 جبکہ کھیوڑہ میں 60 سینٹری ورکرز تعینات ہیں، مگر صفائی کے آثار نظر نہیں آتے۔ شہری حلقوں کا کہنا ہے کہ کمپنی کی کارکردگی محض فوٹو سیشن تک محدود ہے جبکہ صفائی کے لیے درکار مشینری اور افرادی قوت کی کمی واضح ہے۔
ذرائع کے مطابق کمپنی کی مینجمنٹ کو بھی محدود دائرہ کار دیا گیا ہے، جس میں صرف سڑکوں اور دو فٹ چوڑی و گہری نالیوں کی صفائی شامل ہے، جبکہ باقی علاقوں کو نظرانداز کیا جا رہا ہے۔
شہریوں نے وزیراعلیٰ پنجاب اور اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ اس معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے فوری اصلاحی اقدامات کیے جائیں تاکہ عوام کو صحت مند اور صاف ماحول فراہم کیا جا سکے۔
