مشیر صحت پنجاب ڈاکٹر اظہر محمود کیانی 19 فروری کو پنڈدادنخان میں مریضوں کا معائنہ کریں گے

جہلم/ پنڈدادنخان: وزیراعلیٰ پنجاب کے مشیر برائے صحت میجر جنرل (ر) ڈاکٹر اظہر محمود کیانی کی جہلم کی تحصیل پنڈدادنخان کے عوام سے بے لوث محبت کی ایک اور مثال، پسماندہ تحصیل کے عوام کی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے 19 فروری کو تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال پنڈدادنخان میں دل کے مریضوں کا خود معائنہ کریں گے۔ دل کے امراض میں مبتلا مریض مقررہ وقت پر اپنا اندراج کروا سکتے ہیں۔

مشیر صحت پنجاب جنرل (ر) ڈاکٹر اظہر محمود کیانی نے اس سے قبل بھی تحصیل پنڈدادنخان کے عوام کی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے اہم اقدامات کیے ہیں۔ انہوں نے پولیو ویکسین کاؤنٹر کے قیام کے احکامات جاری کیے، جس کے نتیجے میں اب تحصیل کے شہری ضلعی ہیڈکوارٹر ہسپتال جانے کے بجائے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال میں ہی پولیو ویکسین لگوا کر سرٹیفکیٹ حاصل کر سکتے ہیں۔

اسی عوامی خدمت کے تسلسل میں مشیر صحت پنجاب نے اعلان کیا ہے کہ وہ 19 فروری کو تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال پنڈدادنخان میں خود موجود ہوں گے اور دل کے مریضوں کا معائنہ کریں گے۔ اس سے قبل یہ سہولت صرف ان کے آبائی گاؤں بدلوٹ کے لوگوں کو پچھلی کئی دہائیوں سے حاصل تھی، تاہم اب پورے تحصیل پنڈدادنخان کے عوام اس سے مستفید ہو سکیں گے۔

مشیر صحت پنجاب کے اس اقدام پر تحصیل پنڈدادنخان کے عوام میں خوشی کی لہر دوڑ گئی جبکہ مقامی عمائدین اور شہریوں نے جنرل (ر) ڈاکٹر اظہر محمود کیانی کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا اور ان کی عوامی خدمت کو سراہا۔

Exit mobile version