جہلم پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے خاتون کو ہراساں کرنے اور اس کے کمسن بچے کو اغواء کرنے کی کوشش کرنے والے ملزم کو گرفتار کر لیا۔ پولیس نے واقعے میں استعمال ہونے والی موٹر سائیکل بھی برآمد کر لی ہے۔
ترجمان جہلم پولیس کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم شفیق احمد چوہدری کی ہدایات پر ایس ایچ او تھانہ سول لائنز اور ان کی ٹیم نے مؤثر کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو ٹریس کر کے گرفتار کیا۔
پولیس کے مطابق ملزم نے ایک خاتون کو ہراساں کرتے ہوئے اسے زبردستی موٹر سائیکل پر بٹھانے کی کوشش کی۔ خاتون کے مزاحمت اور انکار پر ملزم نے اس کے کمسن بچے کو بھی زبردستی موٹر سائیکل پر بٹھا کر لے جانے کی کوشش کی۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی تھانہ سول لائنز پولیس نے ازخود مدعیہ سے درخواست حاصل کر کے فوری طور پر مقدمہ درج کیا اور تفتیش کا آغاز کر دیا۔ پولیس نے وائرل تصاویر، سی سی ٹی وی فوٹیج، سیف سٹی کیمروں اور ہیومن انٹیلیجنس کی مدد سے ملزم کی شناخت اور ٹریسنگ کرتے ہوئے کامیاب کارروائی کے دوران اسے گرفتار کر لیا، جبکہ واردات میں استعمال ہونے والی موٹر سائیکل بھی قبضے میں لے لی گئی۔
پولیس حکام کے مطابق ملزم کے خلاف قانون کے مطابق مزید کارروائی جاری ہے اور اسے ٹھوس شواہد کے ساتھ عدالت میں پیش کیا جائے گا تاکہ قرار واقعی سزا دلوائی جا سکے۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم شفیق احمد چوہدری نے کہا کہ جہلم پولیس شہریوں کے جان و مال، عزت و آبرو کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ خواتین اور بچوں کے خلاف جرائم میں ملوث عناصر کے ساتھ قانون کے مطابق سختی سے نمٹا جائے گا اور ایسے ملزمان کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی۔
