جہلم پولیس کے ضلع بھر میں محرم الحرام کے سلسلہ میں سپیشل سرچ آپریشنز جاری

جہلم: محرم الحرام کے سلسلہ میں امن و امان کے قیام اور شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے جہلم پولیس کی جانب سے ضلع بھر میں سپیشل سرچ آپریشنز کا سلسلہ جاری ہے۔ ان آپریشنز کا مقصد دہشت گردوں، جرائم پیشہ عناصر اور سماج دشمن قوتوں کی سرکوبی کے ساتھ ساتھ اہم تنصیبات کی سیکیورٹی کو فول پروف بنانا ہے۔

ترجمان پولیس کے مطابق جہلم شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر سخت ناکہ بندی اور چیکنگ کی گئی، جب کہ مختلف علاقوں میں شہریوں کی پولیس ایپلیکیشن کے ذریعے ویری فکیشن بھی کی گئی۔ ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو کی ہدایت پر ان آپریشنز میں مجرمان اشتہاریوں، جرائم پیشہ افراد، اور منشیات و اسلحہ رکھنے والوں کے خلاف کارروائیاں کی گئیں۔

ڈی پی او جہلم کا کہنا تھا کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کا قیام اور شہریوں کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ شرپسند عناصر کو واضح پیغام دیا جا چکا ہے کہ کسی بھی غیر قانونی سرگرمی کی صورت میں ان سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ سرچ آپریشنز کا بنیادی مقصد ناجائز اسلحہ و منشیات کی برآمدگی، سماج دشمن عناصر کی گرفتاری اور کسی بھی ممکنہ تخریبی کارروائی کو روکنا ہے۔ جہلم پولیس کی یہ کارروائیاں محرم الحرام کے دوران پرامن فضا برقرار رکھنے کے لیے جاری رہیں گی، تاکہ شہری بلا خوف و خطر اپنی مذہبی عبادات ادا کر سکیں۔

Exit mobile version