جہلم: پولیس نے امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے اور عوامی مقامات پر مشتبہ سرگرمیوں کی روک تھام کے لیے کارروائی کرتے ہوئے آوارہ گردی کے الزام میں 7 افراد کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان جہلم پولیس کے مطابق ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری کی ہدایات پر جرائم پیشہ عناصر اور امن عامہ میں خلل ڈالنے والے افراد کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ اسی سلسلے میں ایس ایچ او تھانہ سٹی اور ان کی ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے سات افراد کو گرفتار کیا۔
پولیس کے مطابق گرفتار افراد عوامی مقامات پر بغیر کسی معقول وجہ کے موجود تھے اور مبینہ طور پر مشتبہ سرگرمیوں میں مصروف تھے، جس پر انہیں قانونی کارروائی کے لیے حراست میں لیا گیا۔
ڈی پی او شفیق احمد چوہدری نے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور امن و امان کے قیام کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ عوامی مقامات پر ہلڑ بازی، آوارہ گردی اور امن عامہ میں خلل ڈالنے والے عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی۔
