جہلم: ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم طارق عزیز سندھو کی ہدایت پر ضلع بھر میں دہشت گردوں، جرائم پیشہ عناصر اور سماج دشمن عناصر کے خلاف بھرپور کارروائیاں کرتے ہوئے سپیشل سرچ آپریشنز اور ناکہ بندی کی گئی۔
اس دوران شہر کے مختلف مقامات پر مجموعی طور پر 16 جگہوں پر سرچ آپریشنز کیے گئے، جن کے دوران 434 افراد کی جانچ پڑتال کی گئی۔
پولیس ترجمان کے مطابق یہ آپریشنز اہم تنصیبات کی سیکیورٹی کو فول پروف بنانے اور امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے پیش نظر کیے گئے۔ سرچ آپریشنز کے دوران شہریوں کی پولیس ایپلیکیشن کے ذریعے ڈیجیٹل ویری فکیشن بھی کی گئی جبکہ شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر خصوصی ناکہ بندی کر کے مشتبہ افراد اور گاڑیوں کی جامع چیکنگ عمل میں لائی گئی۔
ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو نے بتایا کہ ان کارروائیوں کا مقصد ناجائز اسلحہ، منشیات اور مشتبہ سرگرمیوں میں ملوث افراد کو قانون کے دائرے میں لانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجرمان اشتہاریوں، جرائم پیشہ افراد اور سماج دشمن عناصر کی گرفتاری کے لیے ایسے آپریشنز آئندہ بھی جاری رہیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جہلم پولیس شرپسندوں کو ان کے مذموم عزائم کی تکمیل سے روکنے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے، تاکہ شہری خود کو محفوظ اور مطمئن محسوس کریں۔
