محرم الحرام کے دوران سیکیورٹی ہائی الرٹ، پولیس کے سپیشل سرچ آپریشنز جاری، 513 افراد کی چیکنگ

جہلم: محرم الحرام کے مقدس ایام کے دوران ضلع بھر میں امن و امان کو یقینی بنانے اور کسی بھی ممکنہ خطرے سے نمٹنے کے لیے جہلم پولیس کی جانب سے سپیشل سرچ آپریشنز جاری ہیں۔

ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو کی ہدایت پر شہر کے مختلف مقامات پر کریک ڈاؤن کرتے ہوئے اب تک 513 افراد کو چیک کیا جا چکا ہے۔

یہ سرچ آپریشنز دہشت گردوں، مجرمان اشتہاریوں، جرائم پیشہ افراد اور سماج دشمن عناصر کی سرکوبی کے لیے کیے جا رہے ہیں، جن کا مقصد نہ صرف شہریوں کا تحفظ یقینی بنانا ہے بلکہ اہم تنصیبات کی سیکیورٹی کو فول پروف بنانا بھی ہے۔

پولیس کی جانب سے داخلی و خارجی راستوں پر بھی سخت ناکہ بندی اور چیکنگ کی گئی، جبکہ مشتبہ افراد کی پولیس ایپلیکیشن کے ذریعے ڈیجیٹل ویری فکیشن کی گئی تاکہ جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے کسی بھی خطرے کو بروقت روکا جا سکے۔

ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو نے اس موقع پر واضح پیغام دیا ہے کہ شرپسند عناصر کسی غلط فہمی میں نہ رہیں، اگر کسی نے امن میں خلل ڈالنے یا غیر قانونی سرگرمیوں کی کوشش کی تو اس سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران شہریوں کا تحفظ اور امن و امان کا قیام پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ ان سرچ آپریشنز کا بنیادی مقصد ناجائز اسلحہ اور منشیات کی برآمدگی، مشتبہ افراد کی گرفتاری اور سماج دشمن عناصر کو ان کے مذموم عزائم پر عمل درآمد سے باز رکھنا ہے۔

ڈی پی او جہلم نے کہا کہ پولیس فورس پوری طرح الرٹ ہے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل تیار ہے۔

Exit mobile version