امت مسلمہ اتحاد و یگانگت کا عملی نمونہ بنے، قاری شبیر احمد

جہلم: مرکزی علماء کونسل جہلم کے ضلعی صدر قاری شبیر احمد نے کہا ہے کہ امت مسلمہ اتحاد امت کا عملی نمونہ بن کر اقوامِ عالم تک اسلام کا اعتدال پسند، پُرامن اور انسانیت دوست پیغام پہنچائے۔
اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ذی الحج کا پہلا عشرہ اللہ تعالیٰ کی واحدانیت کو اجاگر کرنے، توبہ و استغفار، رجوع الی اللہ اور قربانی کے جذبے کو فروغ دینے کا بابرکت وقت ہے۔ اس عشرے میں کی جانے والی عبادات اور قربانیاں بارگاہِ الٰہی میں خصوصی اہمیت رکھتی ہیں۔
قاری شبیر احمد کا کہنا تھا کہ عیدالاضحیٰ ہمیں ایثار، قربانی، بھائی چارے اور باہمی محبت کا درس دیتی ہے۔ اس موقع پر ملک بھر میں اتحاد، رواداری اور مذہبی ہم آہنگی کو ہر صورت برقرار رکھا جائے تاکہ کوئی بھی شرپسند یا ملک دشمن عناصر ہماری قومی وحدت کو نقصان نہ پہنچا سکیں۔
انہوں نے تمام مکاتب فکر کے علماء کرام اور عوام سے اپیل کی کہ وہ عید کے پرمسرت ایام کو امن، محبت اور بھائی چارے کے ساتھ منائیں اور یکجہتی کا عملی مظاہرہ کریں۔
قاری شبیر احمد نے مزید کہا کہ صفائی نصف ایمان ہے، اس لیے عیدالاضحیٰ کے موقع پر اپنے ماحول کو صاف ستھرا رکھنا ہم سب کی دینی اور اخلاقی ذمہ داری ہے۔ شہری قربانی کے جانوروں کی آلائشیں سڑکوں، گلیوں اور کھلے مقامات پر پھینکنے کے بجائے “ستھرا پنجاب” جہلم کے عملے کے ساتھ تعاون کریں اور کوڑا کرکٹ مقررہ مقامات اور کوڑے دانوں میں ڈالیں۔
انہوں نے کہا کہ علماء کرام اور عوام حکومت پنجاب کے “ستھرا پنجاب” وژن کو کامیاب بنانے کیلئے بھرپور کردار ادا کریں تاکہ ایک صحت مند، صاف ستھرا اور خوشگوار ماحول برقرار رکھا جا سکے۔
آخر میں انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ تمام مسلمانوں کی قربانیوں اور عبادات کو قبول فرمائے اور پاکستان کو امن، ترقی اور خوشحالی کا گہوارہ بنائے۔



