جہلم: ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم ناصرمحمود باجوہ کی ہدایت پر ڈسٹرکٹ ٹریفک آفیسر زبیر اختر کی بیسک ٹریننگ کورس سے پاس آوٹ ہوکر آنے والی خواتین ٹریفک اسسٹنٹس سے میٹنگ، ڈیوٹی کے متعلق بریف کیا۔
ڈسٹرکٹ ٹریفک آفیسر نے تربیت مکمل کر کے فیلڈ ڈیوٹی جوائن کرنے والی 24 خواتین ٹریفک اسسٹنٹس کو ضلعی ٹریفک آفس آمد پر خوش آمدید کہا اور ان کو محنت اور دلجمعی کے ساتھ اپنی ڈیوٹی سر انجام دینے کی ہدایات جاری کی گئیں۔
ڈی ایس پی ٹریفک زبیر اختر نے کہا کہ حکومت پنجاب کے ویژن کے مطابق آپ کی جہلم ٹریفک پولیس میں شمولیت خواتین کو بااختیار بنانے کے سلسلہ کی ایک کڑی ہے، آپ معاشرے کی تمام خواتین کی نمائندہ ہیں، آپ نے اپنے افعال سے یہ ثابت کرنا ہے کہ آپ اس وردی کی اہل ہیں اور کسی بھی مرد پولیس افسر سے بہتر ڈیوٹی سر انجام دے سکتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ لیڈیز ٹریفک اسسٹنٹ جہلم شہر میں ٹریفک کی روانی بحال کرنے اور ٹریفک قوانین کی پابندی کرانے میں اہم کردار ادا کریں گی۔
اس حوالے سے ڈی پی او جہلم ناصر محمود باجوہ نے کہا کہ خواتین ٹریفک اسسٹنٹس کی جہلم ٹریفک پولیس میں شمولیت سے ٹریفک کے مسائل کے حل کے ساتھ ساتھ خواتین کو بااختیار بنانے کے خواب کو بھی تعبیر حاصل ہو گی، ٹریفک اسسٹنٹس عوام الناس کی خدمت کرتے ہوئے محکمہ پولیس کی عزت و وقار میں اضافہ کا باعث بنیں گی۔
