ضلع جہلم میں آٹے کی مقررہ قیمت پر فراہمی یقینی بنائی جائے گی، ڈپٹی کمشنر میثم عباس

جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت کی مقررہ قیمتوں پر آٹے کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے گی، گندم یا آٹا ذخیرہ اندوزی کرکے مہنگے داموں فروخت کرنے والوں کو نشان عبرت بنایا جائے گا۔

فلور ملز ایسوسی ایشن کے نمائندوں سے ملاقات کے دوران ڈپٹی کمشنر جہلم نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے مطابق آٹے کی قیمتوں کا تعین موجودہ حالات کو مدنظر رکھ کر کیا گیا ہے، جس میں فلور ملز اور تاجروں کے مناسب منافع کو بھی شامل رکھا گیا ہے۔ اس لیے تمام فلور ملز مالکان کو چاہیے کہ آٹے کی مکمل سپلائی کو یقینی بنائیں اور کسی قسم کی ذخیرہ اندوزی سے اجتناب کریں۔

اس موقع پر فلور ملز ایسوسی ایشن کے نمائندوں نے ضلع جہلم میں گندم کی سپلائی اور آٹے کی دستیابی کے حوالے سے ڈپٹی کمشنر کو آگاہ کیا اور اپنے مسائل بھی بیان کیے۔

ڈپٹی کمشنر نے فلور ملز مالکان کو ضلعی انتظامیہ کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ ذخیرہ اندوزوں کے خلاف مثالی کارروائی عمل میں لائی جائے گی تاکہ عوام کو آٹا سرکاری نرخوں پر بآسانی دستیاب ہو سکے۔

Exit mobile version