جہلم میں مرنا بھی مشکل، قبر کیلئے ہزاروں روپے فیس مقرر کر دی گئی

جہلم: مہنگائی نے مرنا بھی مشکل کر دیا، غریب اور متوسط طبقے کے شہریوں کی تدفین کا عمل بھی مشکل اور تکلیف دہ بنا دیا گیا۔ شہر میں قبر کیلئے ہزاروں روپے مقرر کر دیئے گئے ۔چھوٹے بچے کی قبر کا ریٹ 8 ہزار جبکہ بڑے کی تدفین کے لئے 16 ہزار وصول کئے جائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق ضلعی انتظامیہ جہلم نے گزشتہ روز ممبران کمیٹی کے ساتھ مشاورت کے بعد پینا فلیکس آویزاں کروا دیئے ہیں جن پر قبر قند چھوٹے بچے کی قبر کے 8 ہزار روپے جبکہ بڑے افراد کی قبر کے 16 ہزار روپے وصول کریں گے۔
شہریوں نے اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ انتظامیہ نے مہنگائی کے اس پرفتن دور میں شہریوں کے لئے مرنا بھی مشکل بنا دیا ہے ، غریب اور متوسط طبقے کے شہریوں کی تدفین کا عمل انتظامیہ نے مشکل اور تکلیف دہ مراحل میں داخل کر دیا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ اور ممبران کمیٹی کی باہمی مشاورت سے قبروں کی فیسوں میں غیر معمولی اضافہ غریب اور متوسط طبقہ کے لئے ناقابل قبول ہے۔ایسے میں شہریوں کو اپنے پیاروں کی تدفین میں بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔
شہریوں نے ضلعی انتظامیہ سے قبروں کے نرخوں کو واپس لینے کا مطالبہ کیاہے تاکہ غریب متوسط طبقہ کے افراد اپنے پیاروں کو ارزاں نرخوں پردفنا سکیں ۔



