دریائے جہلم میں نہاتے ہوئے دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر مزید 2 نوجوان گرفتار

جہلم: دریائے جہلم میں نہانے پر عائد پابندی کے باوجود دو نوجوانوں کو نہاتے ہوئے گرفتار کر لیا گیا۔

ضلعی انتظامیہ کی جانب سے دریاؤں، ندی نالوں اور دیگر خطرناک مقامات پر نہانے پر دفعہ 144 نافذ کی گئی ہے، تاکہ قیمتی انسانی جانوں کو ممکنہ حادثات سے بچایا جا سکے۔

تھانہ سٹی جہلم پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے دو ملزمان، محمد سجاد اور محمد رزاق کو دریائے جہلم میں نہانے کے الزام میں گرفتار کر لیا۔ دونوں نوجوانوں نے دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرتے ہوئے دریا میں نہایا، جس پر ان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم طارق عزیز سندھو نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں اور اپنے بچوں کو دریا یا ندی نالوں میں نہانے سے سختی سے روکیں تاکہ کسی بھی افسوسناک واقعہ سے بچا جا سکے۔

ڈی پی او جہلم کا کہنا تھا کہ "شہریوں کی جان و مال کی حفاظت پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ ایسے اقدامات شہریوں کے تحفظ کے لیے اٹھائے جا رہے ہیں، نہ کہ ان کی آزادی پر قدغن لگانے کے لیے۔”

ضلعی پولیس کی جانب سے شہریوں کو بارہا آگاہ کیا گیا ہے کہ پابندی کی خلاف ورزی پر سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ عوامی حلقوں نے بھی پولیس کے بروقت اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ احتیاط ہی زندگی ہے، اور ایسے اقدامات سے کئی قیمتی جانیں بچائی جا سکتی ہیں۔

Exit mobile version