پنڈدادنخان/ جہلم: پولیس نے دو ماہ قبل ہونے والے 40 سالہ درزی کے اندھے قتل کا سراغ لگا لیا، ملزم کو آلہ قتل سمیت گرفتار کر لیا گیا۔
پولیس کے مطابق دو ماہ قبل جہلم کی تحصیل پنڈدادنخان کے علاقہ کندوال میں ملزم عمران نے دیرینہ رنجش کی بنا پر 40 سالہ درزی ملک خان کو فائرنگ کا نشانہ بنایا اور واقعے کے بعد روپوش ہو گیا تھا۔
قتل کی واردات میں شاہدہ نامی خاتون سہولت کار بھی شامل تھی، جس نے دوستی کا بہانہ بنا کر مقتول کو گھر سے باہر بلایا اور رات کی تاریکی میں ملک خان کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا۔
ابتدائی طور پر مقتول کے بھائی نے قریبی رشتہ داروں کے خلاف مقدمہ درج کروایا، لیکن تحقیقات کے دوران وہ بے قصور ثابت ہوئے۔ پولیس نے جدید سائنسی طریقوں کا استعمال کرتے ہوئے ملزم کو ٹریس کیا اور گرفتار کر لیا۔
ملزم عمران نے پولیس کے سامنے اعتراف جرم کرتے ہوئے بتایا کہ 2018 میں اس کی بہن کو قتل کیا گیا تھا، اور مقتول ملک خان مبینہ طور پر اس قتل میں مخالفین کی مدد کر رہا تھا۔ اسی وجہ سے اس نے ملک خان کو قتل کرنے کا فیصلہ کیا۔
