جہلم: پاکستان میں صرف 10 میں سے 3 افراد کو ہی صاف پانی میسر ہے، اور زیرِ زمین پانی کی بڑھتی ہوئی آلودگی عوام کو خطرناک بیماریوں میں مبتلا کر رہی ہے۔ اسی سنگین صورتحال کا سامنا جہلم کے علاقے سلیمان پارس میں بھی تھا، جہاں فلٹر پلانٹ آلودہ پانی کو مکمل طور پر صاف کرنے میں ناکام تھا۔
اس مسئلے کے حل کے لیے حمزہ بیگ ویلفیئر سوسائٹی کی جانب سے جدید ترین آر او (ریورس اوسموسس) پلانٹ نصب کیا گیا، جس کی باقاعدہ دعائے خیر کی تقریب منعقد ہوئی۔ اس صدقہ جاریہ منصوبے سے کینٹ سے شاندار چوک تک کی بڑی آبادی مستفید ہو گی۔
یہ منصوبہ ڈپٹی کمشنر جہلم محمد میثم عباس کی زیر نگرانی مکمل ہوا، جس میں میونسپل کمیٹی جہلم کا بھرپور تعاون بھی شامل رہا۔ حمزہ بیگ ویلفیئر سوسائٹی نے عزم ظاہر کیا ہے کہ وہ پہلے کی طرح آئندہ بھی معیاری پانی کی فراہمی کے صدقہ جاریہ منصوبوں میں اپنی خدمات جاری رکھے گی۔
تقریب کے بعد فاریسٹ ڈویژن جہلم اور سوسائٹی کے باہمی اشتراک سے شجرکاری بھی کی گئی۔ سوسائٹی نے اسسٹنٹ کمشنر جہلم شمس الرحمن اور دیگر معزز شرکاء کا شکریہ ادا کیا جو اپنی مصروفیات کے باوجود دعائے خیر میں شریک ہوئے۔
آخر میں سوسائٹی کی جانب سے دعا کی گئی کہ اللہ تعالیٰ اس صدقہ جاریہ کو اپنے فضل سے قبول فرمائے اور اسے تمام امت محمدیہ ﷺ کے لیے باعثِ برکت و رحمت بنائے۔
