جہلم: ترقیاتی و انتظامی امور پر ضلعی انتظامیہ جائزہ اجلاس، مختلف منصوبوں پر پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا

جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی زیر صدارت مختلف ترقیاتی و انتظامی امور پر عملدرآمد کے حوالے سے ایک اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کا مقصد جاری ترقیاتی منصوبوں اور حکومتی اقدامات پر عملدرآمد کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لینا تھا۔

اجلاس میں پلس (PULSE) پروگرام پر عملدرآمد کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس پروگرام کے تحت شہری علاقوں میں زمین اور جائیداد کے ریکارڈ کو ڈیجیٹل اور شفاف نظام کے تحت منظم کیا جا رہا ہے تاکہ لینڈ مینجمنٹ کے نظام میں بہتری لائی جا سکے اور عوام کو سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

گرین پراپرٹی سرٹیفکیٹس کے اجرا کے حوالے سے بھی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ یہ سرٹیفکیٹس جائیداد کی ملکیت کی قانونی تصدیق اور ریکارڈ کی شفافیت کو یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

مزید برآں واسا جہلم کے تحت نکاسی آب کے نظام، بارشوں کے دوران پانی کی بروقت نکاسی اور دیگر انتظامی اقدامات پر بھی غور کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے فیلڈ سطح پر کارکردگی بہتر بنانے اور مشینری کی دستیابی کو یقینی بنانے پر زور دیا تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

اجلاس میں بیوٹیفکیشن سکیم کے تحت بازاروں کی تزئین و آرائش، جاری ترقیاتی کاموں اور معیار پر عملدرآمد کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے دن اور رات کی شفٹس میں کام کی رفتار مزید تیز کرنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ منصوبے مقررہ وقت میں مکمل کیے جائیں۔

اس کے علاوہ ستھرا پنجاب ایجنسی جہلم (SPAJ) کے تحت صفائی آپریشن اور عیدالاضحیٰ انتظامات پر عملدرآمد کا بھی جائزہ لیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن نے ہدایت کی کہ تمام ادارے باہمی رابطہ کاری کے ساتھ اقدامات کو بروقت اور مؤثر انداز میں مکمل کریں تاکہ عوام کو بہترین سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button