سوہاوہ اور ڈومیلی پولیس کی اہم کارروائیاں، منشیات فروش اور ناجائز اسلحہ رکھنے والے ملزمان گرفتار

سوہاوہ: تھانہ سوہاوہ اور تھانہ ڈومیلی پولیس کی بڑی کارروائیاں، منشیات فروش اور ناجائز اسلحہ رکھنے والے ملزمان گرفتار کر لئے گئے۔

تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل سوہاوہ میں منشیات فروشوں اور ناجائز اسلحہ رکھنے والوں کے خلاف پولیس کی مؤثر کارروائیاں جاری ہیں۔ ایس ایچ او تھانہ سوہاوہ اور ایس ایچ او تھانہ ڈومیلی کی زیر قیادت مختلف کارروائیوں کے دوران تین ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے منشیات اور اسلحہ برآمد کر لیا گیا۔

تھانہ سوہاوہ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے منشیات فروش ملزم ظفران کو گرفتار کر لیا۔ دوسری جانب تھانہ ڈومیلی پولیس نے الگ کارروائی میں ملزم اعظم حسین کو حراست میں لیا۔ دونوں ملزمان سے مجموعی طور پر 1 کلو 852 گرام چرس برآمد کی گئی۔ ملزمان کے خلاف منشیات ایکٹ کے تحت الگ الگ مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔

اسی طرح ایس ایچ او تھانہ ڈومیلی اور ان کی ٹیم نے ناجائز اسلحہ رکھنے والے ملزم عامر شہزاد کو گرفتار کیا۔ پولیس نے ملزم کے قبضے سے 30 بور پسٹل معہ ایمونیشن برآمد کر لیا ہے۔ اس کے خلاف تھانہ ڈومیلی میں مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔

پولیس ترجمان کے مطابق منشیات اور ناجائز اسلحہ کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عملدرآمد جاری ہے۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم طارق عزیز سندھو نے کارروائیوں کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ سماج دشمن عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی تاکہ علاقے میں امن و امان کو یقینی بنایا جا سکے۔

Exit mobile version