جہلم: شہید ہیڈ کانسٹیبل محمد فاروق کی بیسویں برسی کے موقع پر ایک پُر وقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں پولیس افسران اور جوانوں نے شرکت کی۔
اس موقع پر ڈی ایس پی سٹی سرکل میاں عبدالجبار سمیت دیگر افسران نے شہید کی قبر پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی گئی۔
پولیس کے چاق و چوبند دستے نے شہید کو سلامی پیش کی۔ شرکاء نے شہید کی قربانی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ شہداء کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔
شہید ہیڈ کانسٹیبل محمد فاروق دورانِ ڈیوٹی ہمراہ پولیس پارٹی ایک اشتہاری ملزم کی گرفتاری کے لیے ریڈ پر گئے جہاں ملزم نے فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں آپ نے جامِ شہادت نوش کیا۔
اس موقع پر ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو نے کہا کہ "شہداء پولیس ہمارا وہ عظیم اثاثہ ہیں جنہوں نے اپنے خون سے ملک و ملت کے باغیچے کی آبیاری کی۔ ان کی بہادری اور شجاعت کی داستانیں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔”
انہوں نے مزید کہا کہ "شہداء پولیس کی لازوال قربانیاں نہ صرف جہلم پولیس بلکہ عوام کے لیے بھی ایک قرض ہیں۔ انہوں نے اپنا آج ہمارے کل کے لیے قربان کر کے یہ ثابت کیا کہ وطن کی خاطر کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔”
ڈی پی او نے اس عزم کا اظہار کیا کہ شہداء کی فیملیز کو کبھی تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔ وہ محکمہ پولیس کا حصہ تھے، ہیں اور ہمیشہ رہیں گے۔
