ماہ ربیع الاول میں اظہارِ محبت کے ساتھ فرائض کی ادائیگی بھی ضروری ہے، امیر عبدالقدیر اعوان

وہاڑی: شیخ سلسلہ عالیہ و سربراہ تنظیم الاخوان پاکستان امیر عبدالقدیر اعوان نے کہا ہے کہ نبی کریم حضرت محمد ﷺ تکمیلِ عمارتِ نبوت ہیں۔ قرآن مجید کو محض اپنی دانست کے مطابق سمجھنا درست نہیں، قرآن کو نبی کریم ﷺ اور اجماعِ امت کی رہنمائی میں سمجھا جائے تو انسان ٹھوکر سے محفوظ رہتا ہے۔

وہ ڈسٹرکٹ بار کونسل وہاڑی میں منعقدہ بعثتِ رحمتِ عالم ﷺ کانفرنس سے وکلا سے خطاب کر رہے تھے۔ امیر عبدالقدیر اعوان نے کہا کہ ماہِ ربیع الاول میں اظہارِ محبت کے ساتھ اگر فرائض کی ادائیگی رہ جائے تو محبت کا دعویٰ کمزور پڑ جاتا ہے۔ جب تک ہم محبتِ رسول ﷺ کی حقیقت کو نہیں پائیں گے، ربیع الاول منانے کا مقصد بھی مکمل نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اگر اس مبارک ماہ کی محنت ہمیں یہ سکھا دے کہ ہمارا ہر عمل اللہ تعالیٰ کی رضا کے لیے ہو تو یہی اس کا حقیقی مقصد ہے۔

انہوں نے کہا کہ حیات صرف مکلف مخلوق تک محدود نہیں، شجر و حجر میں بھی حیات ہے۔ انہوں نے واقعہ حنانہ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ مسجد نبوی ﷺ کا وہ خشک تنا، جس سے نبی کریم ﷺ کے فراق میں رونے کی آواز صحابہ کرامؓ نے سنی اور آپ ﷺ نے اسے دلاسہ دیا، محبتِ رسول ﷺ کی ایک عظیم مثال ہے۔ اسی طرح انہوں نے کنکریوں کے تسبیح و کلمہ پڑھنے کے واقعات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جب تک محبت کی حقیقت دل میں پیدا نہیں ہوگی، محض ظاہری اظہار بے معنی رہ جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہمارا مطمعِ نظر اللہ تعالیٰ کی رضا ہونا چاہیے۔ اگر اللہ کی رضا حاصل ہوجائے تو یہی عقیدت اور محبت امت کو اتفاق و اتحاد کی طرف لے جائے گی۔ قومیں محض تعداد سے نہیں بلکہ اتفاق و اتحاد سے ترقی کرتی ہیں، ورنہ یہی تعداد ہجوم کی شکل اختیار کرلیتی ہے اور ہجوم کے رویے تعمیر کے بجائے تکلیف کا باعث بنتے ہیں۔

امیر عبدالقدیر اعوان نے کہا کہ خواہ صاحبِ اختیار ہو یا عام آدمی، ہم سب مخلوق اور اللہ تعالیٰ کے محتاج ہیں۔ انسان کی طرف سے صرف سچی طلب ہونی چاہیے، اللہ کریم معاف فرمانے والا ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ سب کو صحیح شعور عطا فرمائے اور اپنی رضا کے مطابق زندگی گزارنے کی توفیق دے۔

تقریب کے اختتام پر امیر عبدالقدیر اعوان نے بار کونسل کے صدر اور انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر صدر بار کو شیلڈ پیش کی گئی جبکہ صدر بار کی جانب سے بھی امیر عبدالقدیر اعوان کو شیلڈ پیش کی گئی۔ پروگرام کے اختتام پر ملکی سلامتی، امتِ مسلمہ اور خیر و عافیت کے لیے اجتماعی دعا کی گئی۔

Exit mobile version