جہلم میں مہنگے داموں چینی فروخت کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن، 3 دکاندار گرفتار

جہلم: ضلع جہلم میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ریلیف ویژن کے تحت چینی کی قیمتوں اور دستیابی کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے مؤثر اقدامات جاری ہیں۔ سرکاری نرخ 173 روپے فی کلو مقرر کیے جانے کے باوجود زائد قیمت وصول کرنے پر متعدد دکانداروں کے خلاف کارروائی کی گئی۔

ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس کی ہدایت پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل صبا سحر نے چینی کے تاجروں سے اہم ملاقات کی، جس میں چینی کی دستیابی، قیمت اور فروخت کے نظام کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

انہوں نے واضح کیا کہ چینی صرف سرکاری نرخ 173 روپے فی کلو پر فروخت کی جائے گی اور ہر دکان پر نرخ نامہ نمایاں طور پر آویزاں ہونا لازم ہے۔ کم وزن یا زائد قیمت پر فروخت کرنے والوں کے خلاف فوری قانونی کارروائی کی جائے گی۔

گزشتہ روز ضلع بھر میں 35 مختلف مقامات پر چینی کی قیمتوں اور دستیابی کا معائنہ کیا گیا۔ خلاف ورزی کرنے والوں کو مجموعی طور پر 45 ہزار روپے کے جرمانے کیے گئے جبکہ 3 دکانداروں کے خلاف مقدمات درج کر کے انہیں گرفتار کر لیا گیا۔

ڈپٹی کمشنر میثم عباس نے کہا کہ ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ مارکیٹ مانیٹرنگ کو مزید سخت کر دیا گیا ہے تاکہ عام شہریوں کو مہنگائی سے ریلیف دیا جا سکے اور بنیادی اشیائے ضروریہ ان تک مقررہ نرخوں پر پہنچائی جا سکیں۔

Exit mobile version