روڈ سیفٹی اصولوں پر عمل کرنا ہر شہری کی ذمہ داری ہے، ڈی ایس پی چوہدری رفاقت علی گجر

جہلم: پنجاب ہائی وے پٹرولنگ پولیس کے ڈسٹرکٹ آفیسر ڈی ایس پی چوہدری رفاقت علی گجر نے ایس ایل ایس کالج جہلم کا دورہ کیا، جہاں ٹریفک آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ سیمینار کا مقصد طلبہ میں ٹریفک قوانین، روڈ سیفٹی اور ذمہ دارانہ ڈرائیونگ کے حوالے سے شعور اجاگر کرنا تھا۔

ڈی ایس پی چوہدری رفاقت علی گجر نے اپنے خطاب میں طلبہ کو ٹریفک قوانین کی پابندی کی اہمیت سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ روڈ سیفٹی اصولوں پر عمل کرنا ہر شہری کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے موٹر سائیکل سواروں کو ہیلمٹ کے استعمال، تیز رفتاری سے گریز، ون ویلنگ سے اجتناب اور موٹر سائیکل کے بریکس و ٹائروں کی باقاعدہ جانچ پڑتال کی تلقین کی۔

انہوں نے کار ڈرائیورز کو سیٹ بیلٹ کے استعمال کو یقینی بنانے اور کالے شیشوں سے اجتناب کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ٹریفک قوانین پر عملدرآمد نہ صرف انسانی جانوں کے تحفظ بلکہ ایک مہذب معاشرے کی تشکیل کے لیے بھی ضروری ہے۔

اس موقع پر پنجاب یوتھ کونسل کے پریزیڈنٹ مبشر نذیر قریشی بھی موجود تھے، جنہوں نے خطاب کرتے ہوئے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ ٹریفک قوانین کی پاسداری کو اپنی عادت بنائیں اور دوسروں کے لیے بھی مثال قائم کریں۔

تقریب میں طالب علم ریحان نے بھی اظہارِ خیال کرتے ہوئے مہمانِ خصوصی کی کاوشوں کو سراہا اور طلبہ میں شعور اجاگر کرنے کے عمل کو خوش آئند قرار دیا۔

تقریب کے اختتام پر سی ای او ایس ایل ایس کالج سرفراز ملک نے ڈی ایس پی چوہدری رفاقت علی گجر کو یادگاری سووینئر پیش کیا اور اپنے مختصر خطاب میں ان کی آمد اور طلبہ کو مفید ٹریفک آگاہی فراہم کرنے پر شکریہ ادا کیا۔

ڈی ایس پی چوہدری رفاقت علی نے ایس ایل ایس کالج کی تعلیمی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ گزشتہ 26 برسوں سے تعلیمی میدان میں نمایاں خدمات انجام دے رہا ہے اور نوجوانوں کو پیشہ ورانہ مہارتوں کے ساتھ ذمہ دار شہری بنانے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ بات قابلِ فخر ہے کہ ایس ایل ایس کالج ضلع جہلم کا واحد آفیشل آئی ایلٹس ٹیسٹ سنٹر ہے، جو طلبہ کو بین الاقوامی معیار کی تعلیمی سہولیات فراہم کر رہا ہے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button