جہلم میں سبزیوں کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ، منڈیوں میں خریداروں کی تعداد کم، دکاندار پریشان

جہلم شہر اور گردونواح میں سبزیوں اور پھلوں کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے باعث جادہ اور مرکزی سبزی منڈیوں میں خریداروں کی تعداد میں نمایاں کمی دیکھنے میں آ رہی ہے۔ مہنگائی کی اس لہر نے روزمرہ کے استعمال کی اشیاء کو عام شہری کی پہنچ سے دور کر دیا ہے، جس کے باعث دکاندار گاہکوں کی راہ تکنے پر مجبور ہو چکے ہیں۔

روزمرہ استعمال کی سبزیوں جن میں آلو، ٹماٹر، ادرک اور لہسن شامل ہیں، ان کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ قیمتوں میں اضافے کے باعث نہ صرف عام صارفین متاثر ہوئے ہیں بلکہ چھوٹے دکاندار اور ریڑھی بان بھی مہنگی سبزیاں خریدنے سے گریز کر رہے ہیں، جس کے نتیجے میں منڈی میں لائی گئی سبزیاں گلنے سڑنے لگتی ہیں اور آڑھتیوں اور دکانداروں کو مالی نقصان اٹھانا پڑتا ہے۔

سبزی منڈی کے دکانداروں کا کہنا ہے کہ جب بھی قیمتوں میں اچانک اضافہ ہوتا ہے، خریدار منڈیوں کا رخ کم کر دیتے ہیں، جس سے کاروبار بُری طرح متاثر ہوتا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ سبزیوں اور پھلوں کی قیمتوں کو کنٹرول کیا جائے تاکہ نہ صرف عوام کو ریلیف ملے بلکہ دکانداروں اور آڑھتیوں کی مشکلات بھی کم ہو سکیں۔

عوامی حلقوں نے بھی حکومت اور ضلعی انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ منڈیوں میں نرخوں کی نگرانی کا مؤثر نظام متعارف کروایا جائے اور ناجائز منافع خوروں کے خلاف کارروائی کی جائے تاکہ مہنگائی کے مارے عوام کو کچھ ریلیف میسر آ سکے۔

Exit mobile version