پنڈدادنخان: تھانہ پنڈدادنخان پولیس نے اشتہاری مجرموں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ایک بڑی کامیابی حاصل کر لی۔ اقدامِ قتل اور ٹیلیگراف ایکٹ کے سنگین مقدمات میں ملوث اشتہاری مجرم تفسیر ایاز کو گرفتار کر لیا گیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق تفسیر ایاز اقدام قتل کے ایک مقدمے میں شاہدرہ پولیس اسٹیشن لاہور کو مطلوب تھا اور گرفتاری سے بچنے کے لیے طویل عرصے سے روپوش تھا۔ ملزم کی گرفتاری پنڈدادنخان پولیس کے لیے ایک بڑا چیلنج بن چکی تھی۔
ایس ایچ او تھانہ پنڈدادنخان اور ان کی ٹیم نے جدید سائنسی اور تکنیکی طریقہ کار کو بروئے کار لاتے ہوئے ملزم کا سراغ لگایا اور کامیاب کارروائی کرتے ہوئے اسے گرفتار کر لیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اشتہاری مجرموں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی اور قانون شکن عناصر کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا۔
