جہلم: خواتین اور بچوں کے خلاف تشدد کے دو واقعات میں پولیس کی فوری کارروائی، دو ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کے تھانہ صدر کی پولیس نے خاتون اور ایک 13 سالہ لڑکے کے ساتھ جنسی زیادتی کے دو الگ الگ واقعات میں فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
پہلے واقعے میں ایک خاتون نے شکایت کی کہ ملزم نے ان کے گھر میں داخل ہو کر ان کے اکیلا ہونے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ان کے ساتھ زیادتی کی۔ مدعیہ کے بیان پر ایس ایچ او تھانہ صدر اور ان کی ٹیم نے تیزی سے کام کرتے ہوئے ملزم کو پکڑ لیا۔
دوسرے واقعے میں تھانہ صدر کی پولیس نے ایک 13 سالہ لڑکے کے ساتھ جنسی زیادتی کرنے والے ملزم کو قلیل وقت میں گرفتار کر لیا۔ مدعی مقدمہ کے مطابق ملزم نے لڑکے کے ساتھ زبردستی بدفعلی کر کے سنگین زیادتی کی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں ملزمان کو ٹھوس شواہد کے ساتھ عدالت میں چالان کیا جائے گا۔ پولیس کے ترجمان نے بتایا کہ ان واقعات میں فوری اور موثر کارروائی، عوام میں تحفظ کا احساس بڑھانے اور مجرمانہ عناصر کے خلاف سخت اقدامات کا عزم ظاہر کرتی ہے۔
