
دینہ مین بازار میں تجاوزات کے خلاف کارروائی کے دوران میونسپل کمیٹی کے اہلکار اور ریڑھی بانوں کے درمیان شدید تلخ کلامی کے بعد ہاتھاپائی ہو گئی، جس کے نتیجے میں میونسپل کمیٹی کے ملازم پر حملہ کیا گیا۔ پولیس تھانہ دینہ نے 2 نامعلوم افراد سمیت 7 ریڑھی بانوں کے خلاف مقدمہ درج کر کے کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق میونسپل کمیٹی دینہ کے شعبہ ناجائز تجاوزات کے اہلکار محمد وقاص حسن ولد محمد جمیل الرحمن نے گزشتہ روز دینہ مین بازار میں سڑک پر لگائی گئی ریڑھیوں کو ہٹانے کا کہا، جس پر ریڑھی بانوں عبید، عمر، عثمان، شانی، عامر اور 2 نامعلوم افراد نے تلخ کلامی کے بعد اہلکار پر حملہ کر دیا۔ ملزمان نے محمد وقاص کو لاتوں اور گھونسوں سے شدید تشدد کا نشانہ بنایا اور گالم گلوچ کی۔
اسی دوران میونسپل کمیٹی دینہ کے دیگر اہلکار محمد آصف اور محفوظ احمد موقع پر پہنچ گئے اور محمد وقاص کو مزید تشدد سے بچایا۔ واقعہ کے بعد متاثرہ اہلکار کی درخواست پر پولیس تھانہ دینہ نے 7 ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا اور قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔