خصوصی افراد کیلئے وہیل چیئر کے نشان والا شناختی کارڈ بنوانے کا طریقہ

نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے خصوصی افراد کیلیے وہیل چیئر کے نشان والا شناختی کارڈ بنوانے کا طریقہ کار جاری کر دیا۔

اس کارڈ کو عام زبان میں معذوری والا شناختی کارڈ کہا جاتا ہے۔ درخواست کیلیے نادرا یا یونین کونسل سے جاری شدہ کسی دستاویز کی فوٹو کاپی کی ضرورت نہیں بلکہ صرف نمبر ہمراہ لانا کافی ہوگا۔

مطلوبہ دستاویزات

درخواست گزار کے پاس ادارہ سماجی بہبود، ادارہ بہبود برائے معذور افراد یا کسی بین الاقوامی ادارے سے جاری کردہ معذوری کا سرٹیفکیٹ ہونا لازمی ہے۔

یاد رہے کہ صرف آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان میں معذوری کا سرٹیفکیٹ سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ جاری کرتا ہے، جبکہ دیگر علاقوں میں پاکستان کونسل آف رائٹس آف ڈس ایبل پرسنز (پی سی آر ڈی پی) معذوری کا سرٹیفکیٹ جاری کرتا ہے۔

اس کے علاوہ، والد یا بہن بھائیوں کے شناختی کارڈ کا نمبر، بے فارم یا یونین کونسل یا کنٹونمنٹ بورڈ سے جاری شدہ کمپیوٹرائزڈ برتھ سرٹیفکیٹ کا سی آر ایم ایس نمبر درکار ہوگا۔

اگر معذوری کے نشان والا یا معذوری کے نشان کے بغیر سی آر سی پہلے سے جاری ہو چکا ہے تو سی بی آر سی کی ضرورت نہیں ہوگی۔

درخواست کا طریقہ کار

پہلا مرحلہ – ٹوکن کا حصول:

اپنی تیاری مکمل کریں اور نادرا دفتر تشریف لائیں، ریسیپشن سے ٹوکن لیں اور ون ونڈو کاؤنٹر پر تشریف لے جائیں۔

دوسرا مرحلہ – بائیو میٹرک تصدیق:

والدین یا بہن بھائیوں میں سے کسی ایک کی بائیو میٹرک تصدیق کروائیں۔

تیسرا مرحلہ – ڈیٹا انٹری:

اپنے کوائف درج کروائیں، انگلیوں کے نشانات، آئرس اور تصویر بنوائیں، تمام کوائف اسکرین پر چیک کریں اور اگر کوئی غلطی ہو تو فوراً درست کروائیں۔

چوتھا مرحلہ – انٹرویو:

کوائف کی تصدیق کے بعد درخواست گزار آفس انچارج کے پاس جائے گا۔ آفس انچارج چند تصدیقی سوالات کرے گا، جن کے درست اور مکمل جوابات دینا درخواست گزار پر لازم ہے۔

اگر درخواست گزار قوتِ سماعت سے محروم ہے یا کسی ذہنی مرض کی وجہ سے انٹرویو نہیں دے سکتا تو والدین یا بہن بھائیوں سے انٹرویو لیا جائے گا۔

پانچواں مرحلہ – فارم کی تصدیق:

والدین یا بہن بھائیوں میں سے کسی ایک کی بائیو میٹرک تصدیق کروائیں، یہ بائیو میٹرک تصدیق صرف پہلی بار درخواست دینے کی صورت میں ضروری ہے۔

چھٹا مرحلہ – فیس کی ادائیگی:

درخواست منظور ہونے پر آپ کے دیے ہوئے موبائل نمبر پر منظوری کا پیغام آئے گا۔ پہلی دفعہ معذوری کے نشان والے شناختی کارڈ کے اجرا کیلیے نادرا کی جانب سے کوئی فیس وصول نہیں کی جاتی۔

آخری مرحلہ – رسید اور ڈیلیوری:

منظوری کا پیغام موصول ہونے کے 7 دن بعد اسی نادرا دفتر سے اپنا شناختی کارڈ وصول کریں۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button