موسمی بخار، نزلہ زکام اور چیسٹ انفیکشن کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے، ڈاکٹر فواد مجید چوہدری

جہلم: ڈسٹرکٹ ہیڈکواٹر اسپتال جہلم کے میڈیکل سپیشلسٹ ڈاکٹر فواد مجید چوہدری نے موسم کی تبدیلی پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ جیسے جیسے موسم بدل رہا ہے، موسمی بخار، نزلہ زکام اور چیسٹ انفیکشن کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے۔ خاص طور پر بچوں میں موسمی بخار اور نمونیا کی شکایات بڑھنے لگیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ موسم کی تبدیلی کے دوران مچھر اور مکھیوں کی آمد میں بھی اضافہ ہو رہا ہے، جس کی وجہ سے نزلہ، زکام اور کھانسی جیسے مسائل بڑھ رہے ہیں۔ ڈاکٹر فواد نے شہریوں کو مشورہ دیا کہ نزلہ، زکام اور کھانسی کے مریض ہجوم میں جانے سے گریز کریں اور کھانستے یا چھینکتے وقت ٹشو پیپر کا استعمال کریں۔ اگر ٹشو پیپر دستیاب نہ ہو تو کہنی کا استعمال کریں تاکہ وائرس کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ شہریوں کو صحت مند غذا کا استعمال کرنا چاہیے اور اپنے جسم کو متوازن رکھنے کے لیے ورزش کرنی چاہیے۔ گرین ٹی اور گھریلو مشروبات کا استعمال فائدہ مند ہے، جو نہ صرف جسم کو توانائی دیتے ہیں بلکہ بیماریوں سے بھی بچاؤ فراہم کرتے ہیں۔
ڈاکٹر فواد نے مزید کہا کہ خاص طور پر بچوں کو موسمی بیماریوں سے بچانے کے لیے احتیاطی تدابیر اپنائیں اور اگر کسی کو نمونیا یا فلو کی علامات ظاہر ہوں تو فوری علاج کروائیں۔



