جہلم: مشیر صحت پنجاب میجر جنرل (ر) ڈاکٹر اظہر محمود کیانی نے ڈسٹرکٹ پولیس آفس جہلم کا دورہ کیا، جہاں ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔
دورے کے دوران ڈی پی او جہلم نے مشیر صحت پنجاب کو ضلع بھر میں محرم الحرام کے سلسلے میں کیے جانے والے سیکیورٹی انتظامات، جدید پولیسنگ کے اقدامات اور حکومت پنجاب کے ویژن کے مطابق جاری منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔
ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو نے بتایا کہ محرم الحرام کے دوران ضلع جہلم میں جلوسوں اور مجالس کی فول پروف سیکیورٹی کے لیے مربوط حکمت عملی ترتیب دی گئی ہے جبکہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔
انہوں نے اسمارٹ سیف سٹی پراجیکٹ، ورچوئل ویمن پولیس اسٹیشنز، سپیشل انیشییٹو پولیس اسٹیشنز، خدمت مراکز، پولیس تحفظ مراکز اور میثاق سینٹرز کے حوالے سے بھی بریفنگ دی۔
ڈی پی او کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے پولیس سروسز کو عوام کی دہلیز تک پہنچانے کے لیے ہر ممکن وسائل استعمال میں لائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیس اسٹیشنز کو جدید، آرام دہ اور شہری دوست ماحول فراہم کر کے عوامی شکایات کا فوری اور مؤثر ازالہ کیا جا رہا ہے۔
مشیر صحت پنجاب میجر جنرل (ر) ڈاکٹر اظہر محمود کیانی نے دورے کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیف سٹی منصوبہ ضلع جہلم میں جرائم کی روک تھام اور پولیس کی کارکردگی میں بہتری کا مؤثر ذریعہ ثابت ہو رہا ہے جو کہ "محفوظ پنجاب” کے خواب کو حقیقت میں بدلنے کی ایک اہم کڑی ہے۔
انہوں نے ضلع جہلم کی پولیس کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ شہریوں کو انصاف کی فراہمی اور امن و امان کے قیام کے لیے جو اقدامات کیے جا رہے ہیں، وہ قابلِ تقلید ہیں۔ انہوں نے ڈی پی او طارق عزیز سندھو اور ان کی ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ پولیس اسی جذبے سے عوام کی خدمت جاری رکھے گی۔
