سمال انڈسٹریل اسٹیٹ میں سوئی گیس کی فراہمی کا منصوبہ سردخانے کی نذر، صنعتکار پریشان

جہلم: سمال انڈسٹر یل اسٹیٹ جہلم میں سوئی گیس کی فراہمی کا منصوبہ سردخانے کی نذر، کئی دہائیاں قبل سمال انڈسٹری کے کارروباری افراد نے حصول سوئی گیس کنکشن کے لیے لاکھوں کروڑوں روپے سرکاری خزانے میں جمع کروائے آج تک سوئی گیس کی سہولت مہیا نہیں کی جا سکی۔ کئی حکومتیں بدل گئیں یہ منصوبہ پایہ تکمیل تک نہ پہنچ سکا۔

تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف نے جہلم سمال انڈسٹریل اسٹیٹ کے فیکٹری مالکان کی سہولت کے لیے سوئی گیس کنکشنز کی فراہمی کا اعلان اس وقت کیا جب وہ بطور وزیر اعلی پنجاب خدمات سرانجام دے رہے تھے،جس پر مقامی تاجروں نے سوئی گیس کنکشنز حاصل کرنے کے لیے لاکھوں کروڑوں روپے سرکاری خزانے میں جمع کروائے۔

محکمہ سوئی نادرن گیس پائپ لائنز نے سمال انڈسٹریل اسٹیٹ کو گیس فراہم کرنے کے بجائے دیگر علاقوں اور سی این جی اسٹیشنز کو کنکشنز دے دیے۔ اس تاخیر کے باعث فیکٹری مالکان کو اپنے کاروبار بڑے شہروں میں منتقل کرنے پر مجبور ہونا پڑا، جس سے جہلم کی مقامی معیشت کو شدید نقصان پہنچا ہے۔

سمال انڈسٹریل اسٹیٹ کے صنعتکاروں کا کہنا ہے کہ گیس جیسی بنیادی سہولت کے بغیر فیکٹریوں کا چلنا ممکن نہیں۔ اس صورتحال نے نہ صرف صنعتوں کو نقصان پہنچایا ہے بلکہ مقامی مزدوروں کے روزگار کو بھی متاثر کیا ہے۔

شہریوں اور تاجروں نے وزیر اعظم پاکستان سے اپیل کی ہے کہ فوری طور پر اس منصوبے کا جائزہ لیا جائے اور گیس کی فراہمی کے وعدے کو پورا کیا جائے تاکہ مقامی صنعتوں کو بچایا جا سکے اور معیشت کو استحکام دیا جا سکے۔

Exit mobile version