صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات کی تعلیمی خدمات قابلِ ستائش، جہلم میں جامع یونیورسٹی اور میڈیکل کالج قائم کیا جائے: سرفراز ملک

جہلم: صوبائی وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات گزشتہ تین روز سے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی جہلم آمد کے سلسلے میں انتظامات اور تیاریوں کا باریک بینی سے جائزہ لیتے رہے۔ اس دوران انہوں نے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور طلبہ، بالخصوص خصوصی بچوں کے ساتھ گھل مل کر وقت گزارا۔ بچوں نے بھی صوبائی وزیر کے ساتھ یادگاری تصاویر بنوائیں۔

چیف ایگزیکٹو ایس ایل ایس کالج جہلم سرفراز ملک نے صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات کی تعلیمی خدمات، متحرک کردار اور طلبہ دوست رویے کو سراہتے ہوئے کہا کہ تعلیم کے فروغ، تعلیمی اداروں کی بہتری اور نوجوان نسل کے روشن مستقبل کے لیے ان کی دلچسپی قابلِ تحسین ہے۔ انہوں نے وزیر تعلیم کی جہلم آمد اور عوام و طلبہ کے ساتھ قریبی رابطے پر ان کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔

سرفراز ملک نے مطالبہ کیا کہ جہلم میں ایک مکمل جامع یونیورسٹی اور میڈیکل کالج قائم کیا جائے تاکہ ضلع کے طلبہ کو اعلیٰ تعلیم اور طبی تعلیم کے مزید مواقع اپنے علاقے میں میسر آ سکیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ گزشتہ کئی سال سے جہلم میں یونیورسٹی کے قیام کے لیے مہم چلا رہے ہیں، جسے اب نئے عزم اور جذبے کے ساتھ آگے بڑھایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ جہلم بلند شرحِ خواندگی رکھنے والا ضلع ہے، جہاں مختلف شعبہ جات پر مشتمل ایک مکمل جامع یونیورسٹی وقت کی اہم ضرورت ہے۔ یونیورسٹی کے قیام سے نہ صرف مقامی طلبہ کو اعلیٰ تعلیم کے حصول میں سہولت ملے گی بلکہ ضلع کی تعلیمی ترقی کو بھی تقویت حاصل ہوگی۔ اسی طرح میڈیکل کالج کا قیام بھی علاقے کے نوجوانوں کے لیے ایک اہم تعلیمی موقع ثابت ہو سکتا ہے۔

سرفراز ملک نے امید ظاہر کی کہ صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات جہلم کی تعلیمی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے خصوصی اقدامات کریں گے اور جامع یونیورسٹی و میڈیکل کالج کے قیام کے مطالبے پر توجہ دیں گے۔

واضح رہے کہ ایس ایل ایس کالج جہلم کا پہلا باضابطہ آئیلٹس (IELTS) امتحانی مرکز ہے، جس کی بدولت جہلم اور گردونواح کے طلبہ کو آئیلٹس کا امتحان دینے کے لیے اب اسلام آباد یا لاہور جانے کی ضرورت نہیں رہی۔ اس سہولت سے مقامی طلبہ کو اپنے شہر میں ہی امتحان دینے کا موقع میسر آیا ہے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button