جہلم میں بچوں کی لڑائی میں بڑے بھی کود پڑے، فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہو گیا۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کے علاقے بلال ٹاؤن میں بچوں کے درمیان ہونے والی معمولی تکرار بڑوں کے مابین خونی تصادم میں بدل گئی۔ جھگڑے کے دوران ملزم عمران عرف مانی نے فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں حماد طارق نامی شخص شدید زخمی ہو گیا۔
پولیس کے مطابق فائرنگ کے فوراً بعد ملزم موقع سے فرار ہو گیا جبکہ زخمی کو فوری طور پر مقامی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ابتدائی طبی امداد کے بعد تشویشناک حالت کے پیش نظر اسے راولپنڈی ریفر کر دیا گیا ہے۔
واقعے کے بعد پولیس نے علاقے کی ناکہ بندی کر کے ملزم کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعہ دو گروپوں کے بچوں کے درمیان جھگڑے سے شروع ہوا، جس نے بعد میں پرتشدد رخ اختیار کر لیا۔
پولیس کا مزید کہنا تھا کہ ملزم کی گرفتاری جلد عمل میں لائی جائے گی اور قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔
