لندن: حکومت پاکستان نے ممتاز برٹش پاکستانی بزنس مین سید قمر رضا کو اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن (او پی ایف) کا چیئرمین مقرر کر دیا ہے۔
وفاقی کابینہ نے 23 جولائی 2024 کو سمندر پار پاکستانیوں اور ہیومن ریسورس ڈویلپمنٹ ڈویژن کی جانب سے جمع کرائی گئی سمری پر کابینہ کے غور کے بعد سید قمر رضا کی تقرری کی منظوری دی۔
وفاقی کابینہ کے جاری کردہ اور منظور شدہ نوٹیفکیشن کے مطابق آزاد ارکان کے طور پر مقرر کئے گئے دیگر افراد میں شاہین خالد بٹ، افضال بھٹی، اونیزہ بٹ، شمشیر راؤ اور بیوروکریٹک ذمہ داریوں کے حامل چند ایڈیشنل سیکرٹریز شامل ہیں۔ سید قمر رضا اس سے قبل 2013 میں بورڈ آف گورننس فار اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن (او پی ایف) کے ممبر کے علاوہ ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن کے طور پر بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔
سید قمر رضا سابق سیکرٹری جنرل اور یوکے پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز (یوکے پی سی سی آئی) کے صدر ہیں، جنہوں نے برطانیہ اور پاکستان کے درمیان تجارت بڑھانے کے لئے کام کیا۔ وہ کنزرویٹو فرینڈز آف پاکستان (سی ایف اوپی) میں نائب صدر کے طور پر بھی کام کر چکے ہیں۔ وہ ورلڈ کانگریس آف اوورسیز پاکستانیز (ڈبلیو سی او پی ) کے بانی چیئرمین تھے۔ مسٹر رضا ریئل اسٹیٹ، خوراک اور توانائی کے شعبوں میں برطانیہ اور پاکستان میں کئی بزنسز چلا رہے ہیں۔
سید قمر رضا نے ایک بیان میں کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی ملک کا سب سے بڑا اثاثہ ہیں اور ان کی ترسیلات زر نے مشکل ترین وقت میں قومی معیشت کو رواں دواں رکھا ہے۔ اپنے نئے کردار میں، میں سمندر پار پاکستانیوں کے مسائل حل کرنے کے لئے سخت محنت کروں گا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی اہمیت کو تسلیم کرتی ہے اور انہیں پاکستان کی سماجی اور معاشی زندگی میں ریڑھ کی ہڈی سمجھتی ہے کیونکہ انہوں نے پاکستان کی فلاح و بہبود کے لئے اپنی وابستگی کے ذریعے یہ ثابت کیا ہے۔ میں ان کے مسائل کے حل کے لئے اپنی طاقت سے ہر ممکن کوشش کروں گا۔
سید قمر رضا نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں میں سرمایہ کاری کے ذریعے پاکستان کی معیشت کو مزید سہارا دینے کے وسیع امکانات موجود ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سمندر پار پاکستانیوں کے اتحاد کی اشد ضرورت ہے تاکہ وہ پاکستان کی فلاح و بہبود کے لئے اپنی کوششوں کو یکجا کر سکیں۔ ہم اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ حکومت پاکستان اپنے بیرون ملک مقیم شہریوں سے متعلق تمام معاملات پر مشاورت کرے۔ ہم سمندر پار پاکستانیوں کے مفادات کے لئے ہر ممکن کوشش کریں گے۔
