پنڈدادنخان: بھارت کے خلاف شاندار فتح کے بعد افواجِ پاکستان سے اظہارِ یکجہتی کے لیے پنڈدادنخان میں یومِ تشکر بھرپور جوش و جذبے سے منایا گیا۔ اس موقع پر ایک تاریخی ریلی نکالی گئی، جس نے شہر بھر میں حب الوطنی کی فضا قائم کر دی۔
ریلی کی قیادت اسسٹنٹ کمشنر پنڈدادنخان نادیہ پروین، ڈی ایس پی محمد اکرم، سابق ایم پی اے چوہدری حاجی ناصر محمود للہ، سابق چیئرمین میونسپل کمیٹی کھیوڑہ ملک فیصل، معروف سماجی و رفاعی شخصیت ملک غلام مصطفی مہٹو، چوہدری اسد بشیر اور اللہ خان للہ نے کی۔
ریلی میں سرکاری اداروں کے نمائندگان، سول سوسائٹی، صحافیوں، وکلا، شہریوں، طلبہ و طالبات سمیت زندگی کے ہر شعبے سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ شرکاء نے افواجِ پاکستان سے بھرپور یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے زبردست نعرے بازی کی۔ "پاک فوج زندہ باد”، "پاکستان پائندہ باد”، اور "ہم سب کا فخر — پاک فوج” جیسے نعروں سے شہر کی فضائیں گونج اٹھیں۔
ریلی کا آغاز مجاہدِ آزادی راجہ غضنفر علی خان کے مقبرے پر پرچم کشائی اور قومی ترانہ پڑھ کر کیا گیا۔ بعد ازاں ریلی مختلف راستوں سے ہوتی ہوئی نوازش شہید چوک پہنچی، جہاں یہ ایک جلسے کی صورت اختیار کر گئی۔
جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ڈی ایس پی محمد اکرم اور سابق ایم پی اے چوہدری ناصر محمود نے کہا کہ افواجِ پاکستان نے ہمیشہ دشمن کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا ہے، اور قوم اپنے محافظوں پر فخر کرتی ہے۔
اسسٹنٹ کمشنر نادیہ پروین نے اپنے خطاب میں کہا کہ "افواجِ پاکستان ہماری قومی سالمیت کی ضامن ہیں۔ پوری قوم آج جس اتحاد کے ساتھ اپنی فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، وہ قابلِ تحسین ہے۔” انہوں نے مزید کہا کہ "10 مئی سے پہلے شاید بہت سے لوگ افواجِ پاکستان کی اہمیت اور طاقت کا اندازہ نہ کر سکے، لیکن آج ہر پاکستانی سر فخر سے بلند کیے اپنی فوج پر ناز کر رہا ہے۔”
آخر میں انہوں نے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور افواجِ پاکستان کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ یومِ تشکر کی یہ تقریب نہ صرف عوامی سطح پر فوج کے ساتھ بے مثال یکجہتی کا مظہر بنی بلکہ پنڈدادنخان میں حب الوطنی کی ایک نئی روح بھی پھونک گئی۔
