جہلم میں فائر سیفٹی نظام مضبوط بنانے کے لیے فائر ہائیڈرنٹس کی تنصیب کا آغاز

جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی ہدایت پر واسا جہلم کی ٹیموں نے شہر کے مختلف مقامات پر فائر ہائیڈرنٹس کی تنصیب کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔

اس منصوبے کا بنیادی مقصد ہنگامی حالات اور آتشزدگی کے واقعات میں ریسکیو اور فائر بریگیڈ ٹیموں کو پانی کی فوری فراہمی یقینی بنانا ہے تاکہ قیمتی انسانی جانوں اور املاک کو نقصان سے بچایا جا سکے۔

واسا کی خصوصی ٹیمیں شہر کے گنجان آباد علاقوں اور اہم تجارتی مراکز میں فائر ہائیڈرنٹس نصب کر رہی ہیں، جہاں آتشزدگی کی صورت میں فائر بریگیڈ گاڑیوں کو پانی کی دستیابی میں مشکلات پیش آتی ہیں۔ ان ہائیڈرنٹس کی تنصیب سے فائر بریگیڈ کو فوری طور پر پانی میسر آئے گا، جس سے امدادی کارروائیوں کی رفتار اور مؤثریت میں نمایاں اضافہ ہوگا۔

ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے واضح ہدایات جاری کی ہیں کہ فائر ہائیڈرنٹس کی تنصیب کا عمل جلد از جلد مکمل کیا جائے اور ان کی فعالیت کو باقاعدگی سے چیک کیا جائے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں یہ مکمل طور پر کارآمد ثابت ہوں۔

انہوں نے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور آتشزدگی سمیت دیگر ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے تمام حفاظتی انتظامات کو جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق اس منصوبے سے جہلم شہر کے فائر سیفٹی نظام میں خاطر خواہ بہتری آئے گی اور مستقبل میں بڑے نقصانات سے بچاؤ ممکن ہو سکے گا۔

Exit mobile version