جہلم: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور انسپکٹر جنرل آف پولیس پنجاب کی خصوصی ہدایات پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم ناصر محمود باجوہ نے پتنگ بازی کے خونی کھیل کے انسداد کے لیے ضلع بھر میں وسیع پیمانے پر کریک ڈاؤن کے احکامات جاری کر دیے۔
اس حوالے سے ڈی پی او جہلم ناصر محمود باجوہ نے کہا کہ ضلع جہلم میں پتنگ بازی و پتنگ فروشی کےخونی کھیل کی روک تھام کے لئے خصوصی مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے،خلاف ورزی پر سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ تمام ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز کو اپنے اپنے علاقوں میں پتنگ فروشوں کے خلاف زیرو ٹالیرینس پالیسی کے تحت بلا تفریق کارروائی عمل میں لانے کی ہدایت کی گئی ہے، تمام ایس ایچ اوز اپنے تھانہ جات کے علاقوں میں خصوصی ٹیمیں تشکیل دیں جو پتنگ بازوں اور پتنگ فروشوں کے خلاف بھرپور آپریشن کریں۔
ڈی پی او جہلم نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی سے مدد لیتے ہوئے شہر کی بلندعمارتوں سے بذریعہ ڈرون کیمرہ جات سرویلینس قائم کریں، ایلیٹ فورس اور محافظ اسکواڈ شہری آبادیوں میں پتنگ بازی کی روک تھام کے لیے موثر گشت کریں۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر نے کہا کہ ایس ایچ اوز اپنے علاقہ کی امن کمیٹیوں سے میٹنگ کریں اور مساجد میں انسداد پتنگ بازی کے حوالہ سے اعلانات کرائیں۔ پتنگ بازی یا پتنگ فروشی کی صورت میں کسی بھی حادثہ کی ذمہ داری متعلقہ سپروائزری افسر اور ایس ایچ اوز پر عائد ہو گی جنکے خلاف نہ صرف محکمانہ بلکہ قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ناصر محمود باجوہ ڈی پی او نے کہا کہ ضلع جہلم کے باسیوں سے اپیل ہے کہ اپنی اور اپنے بچوں کی جان کی حفاظت کے لیے پتنگ بازی سے مکمل باز رہیں، اپنے بچوں پرکڑی نگاہ رکھیں، کسی بھی گھر یا دوکاندار کے پاس پتنگوں کی موجودگی کی اطلاع”15″ پر دیں۔ جہلم پولیس پتنگ بازی جیسے قبیح و خطرناک کھیل کے مکمل خاتمہ اور عوام الناس کے تحفظ کی ضامن ہے۔
