جہلم میں قتل کے مقدمہ میں مجرم علی شوکت کو عمر قید اور 5 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنا دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کی عدالت نے قتل کے سنگین مقدمہ 410/24 بجرم 302/34 تھانہ کالا گجراں میں اہم فیصلہ سناتے ہوئے مجرم علی شوکت کو عمر قید اور 5 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنا دی۔ مجرم نے سال 2024 میں قتل کی سنگین واردات کا ارتکاب کیا تھا۔
پولیس ترجمان کے مطابق جہلم پولیس نے پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے مجرم کو ٹریس کر کے گرفتار کیا، اور ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان عدالت میں پیش کیا۔ مقدمے کی مؤثر پیروی کے نتیجے میں معزز عدالت نے مجرم کو قرار واقعی سزا سنائی۔
ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو نے اس موقع پر کہا کہ سنگین نوعیت کے مقدمات خصوصاً قتل جیسے جرائم میں زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل کیا جا رہا ہے، اور انصاف کی فراہمی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔
ڈی پی او نے کامیاب تفتیش اور قانونی کارروائی پر انوسٹی گیشن اور لیگل ٹیموں کو شاباش دیتے ہوئے انہیں تعریفی سرٹیفکیٹس اور نقد انعام دینے کا اعلان بھی کیا۔ شہریوں نے عدالت کے فیصلے اور پولیس کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات سے قانون کی بالادستی اور جرائم کی روک تھام ممکن ہو سکے گی۔
