جہلم: عیدالاضحیٰ میں چند روز باقی رہ گئے ہیں مگر جہلم شہر سمیت ضلع بھر میں مہنگائی کی شدید لہر نے عید کی خوشیاں ماند کر دی ہیں۔
شہریوں کی بڑی تعداد بڑھتی ہوئی مہنگائی کے باعث خریداری کے بجائے صرف ونڈو شاپنگ تک محدود ہو کر رہ گئی ہے۔ جہاں مویشی منڈیوں میں قربانی کے جانوروں کی خریداری نہ ہونے کے برابر دکھائی دے رہی ہے، وہیں شہر کے بازاروں اور مارکیٹوں میں بھی عید کی روایتی رونقیں ماند پڑ چکی ہیں۔
ملبوسات، آرٹیفشل جیولری، بچوں کے ریڈی میڈ گارمنٹس، جوتوں، چوڑیوں اور خواتین کے بناؤ سنگھار کے سامان کی خریداری انتہائی کم ہو گئی ہے جبکہ دکاندار دن بھر گاہکوں کے انتظار میں ہاتھ پر ہاتھ دھرے بیٹھے رہتے ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ بڑھتی ہوئی مہنگائی نے گھریلو بجٹ بری طرح متاثر کر دیا ہے اور اب عید کی خریداری کرنا متوسط اور غریب طبقے کیلئے مشکل بنتا جا رہا ہے۔ دوسری جانب دکانداروں کا کہنا ہے کہ رواں برس عید سے قبل کاروباری سرگرمیاں ماضی کے مقابلے میں انتہائی مایوس کن ہیں اور بازاروں میں خریدار نہ ہونے کے برابر ہیں۔
شہری حلقوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ مہنگائی پر قابو پانے کیلئے فوری اقدامات کیے جائیں تاکہ عوام عید کی خوشیاں بہتر انداز میں منا سکیں۔
