دینہ: جماعت اسلامی کے زیر اہتمام دینہ میں "انفاق فی سبیل اللہ” کے عنوان سے ایک خصوصی تقریب منعقد کی گئی۔
تقریب میں نائب امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر خالد محمود ثاقب اور امیر ضلع جہلم ڈاکٹر قاسم محمود چوہدری مہمانانِ خصوصی تھے۔ پروگرام میں دینہ شہر کی سماجی اور کاروباری شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر خالد محمود ثاقب نے کہا کہ "انفاق فی سبیل اللہ اللہ تعالیٰ کی بہت بڑی نعمت اور پسندیدہ نیکیوں میں سے ایک ہے۔ رمضان المبارک میں جہاں تمام عبادات کے درجات بلند ہو جاتے ہیں، وہیں راہِ خدا میں خرچ کرنا سب سے بڑی نیکی شمار کی جاتی ہے۔”
امیرِ شہر مظاہر الاسلام نے جماعت اسلامی کے آئندہ پروجیکٹس پر روشنی ڈالتے ہوئے حاضرین سے بھرپور تعاون کی اپیل کی، جس پر شرکاء نے جوش و خروش کا مظاہرہ کرتے ہوئے دل کھول کر عطیات دیے اور ایک کثیر رقم جمع کی گئی۔
تقریب کے اختتام پر جماعت اسلامی کے رہنماؤں نے عوام کی بھرپور شرکت اور ان کے تعاون پر شکریہ ادا کرتے ہوئے اسے ایک کامیاب اور بامقصد پروگرام قرار دیا۔
