جہلم: چیف آفیسر میونسپل کمیٹی چوہدری عثمان گوندل کی سرپرستی اور ڈپٹی کمشنر سید محمد میثم عباس کی ہدایت پر مون سون سیزن کے دوران نکاسی آب کے لیے تیز ترین اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
ایم سی کے ورکرز بارشوں کے پانی کے فوری اخراج کے لیے متحرک اور مستعد ہیں، جس کا واضح ثبوت گزشتہ روز اور علی الصبح ہونے والی بارشوں کے پانی کا کم وقت میں اخراج ہے۔
چیف آفیسر چوہدری عثمان گوندل نے میڈیا نمائندگان سے خصوصی گفتگو میں بتایا کہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل کی سرپرستی میں نکاسی آب کا کام بھرپور طریقے سے جاری ہے، اور شہر کے تمام اہم پونڈنگ پوائنٹس پر ایمرجنسی ریلیف کیمپس قائم کر دیے گئے ہیں، جہاں 24 گھنٹے سٹاف کی ڈیوٹی یقینی بنائی گئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ریلیف کیمپس میں ورکرز کو حفاظتی سامان کی فراہمی بھی کی گئی ہے، جب کہ ڈرینج لائنوں اور مین چینلز کی ڈی سلٹنگ کا کام بھی باقاعدگی سے جاری ہے، جس سے بارش کے پانی کے ساتھ ساتھ سیوریج کے نظام میں بھی بہتری آئی ہے۔
چوہدری عثمان گوندل نے مزید بتایا کہ سٹاف کی کمی کے باوجود سیورمین، ڈرائیورز، پمپ آپریٹرز اور دیگر عملہ دن رات اپنی خدمات سرانجام دے رہا ہے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ مون سون سیزن میں تعاون کریں اور بارش کے پانی کی نکاسی میں رکاوٹ بننے والے اقدامات سے گریز کریں۔
