ضلع جہلم سے 15 نومبر کو آل پاکستان اہلِ حدیث کانفرنس میں بڑا قافلہ شرکت کرے گا، حافظ عبدالحمید عامر

جہلم: جامعہ علوم اثریہ کے مہتمم حافظ عبدالحمید عامر کی ہدایت پر جامعہ علوم اثریہ جہلم میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں مرکزی جمعیت اہل حدیث جہلم شہر کے اراکین نے بھرپور شرکت کی۔ اجلاس میں 15 نومبر کو مینار پاکستان لاہور میں منعقد ہونے والی آل پاکستان اہلِ حدیث کانفرنس کی تیاریوں اور ضلع جہلم سے بڑے قافلے کی شرکت کے حوالے سے مشاورت کی گئی۔

اجلاس سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے جامعہ علوم اثریہ کے مہتمم حافظ عبدالحمید عامر نے کہا کہ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کی سرزمین عالمِ اسلام کے لیے ایک ایسی سرخ لکیر ہے جس پر کسی قسم کا سمجھوتہ ممکن نہیں کیونکہ حرمین شریفین کا دفاع ہمارے ایمان کا جزو لاینفک ہے۔ انہوں نے کہا کہ حرمین شریفین کے خلاف دشمنوں کے ناپاک عزائم کو ماضی کی طرح ہمیشہ ناکام بنایا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ نوجوان نسل کے قلوب و اذہان میں یہ شعور اجاگر کرنا ضروری ہے کہ اسلام کو بیرونی فتنوں اور سازشوں کے ساتھ ساتھ اندرونی دشمنوں اور شرپسند عناصر سے بھی خطرات لاحق ہیں۔ ان کے مطابق ان سازشوں اور فتنہ انگیزیوں سے آگاہی حاصل کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

حافظ عبدالحمید عامر نے اعلان کیا کہ تحفظِ حرمین شریفین کے حوالے سے تحریکِ بیداری کے سلسلے میں مرکزی جمعیت اہلِ حدیث پاکستان کی قیادت نے 15 نومبر کو مینارِ پاکستان لاہور میں آل پاکستان اہلِ حدیث کانفرنس کے انعقاد کا فیصلہ کیا ہے، جس میں ان شاء اللہ ضلع جہلم سے ایک بڑا قافلہ شرکت کرے گا۔

اہلِ حدیث یوتھ فورس پاکستان کے جنرل سیکرٹری حافظ عبدالغفور مدنی نے اپنے خطاب میں کہا کہ مرکزی جمعیت اہلِ حدیث پاکستان مینارِ پاکستان لاہور میں ایک بڑا اجتماع منعقد کرنے جا رہی ہے، جس میں عالمی حالات، بالخصوص تحفظِ حرمین شریفین کے حوالے سے جماعت کے قائدین اور علمائے کرام فکر انگیز خطابات کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ کانفرنس کی دعوتی مہم کے سلسلے میں وہ پاکستان کے کئی اضلاع کے دورے کر چکے ہیں اور اس مرتبہ لوگوں میں کانفرنس کے حوالے سے نہایت خوش آئند جذبات پائے جاتے ہیں۔ ان شاء اللہ 15 نومبر کو اہلِ حدیث برادری بڑی تعداد میں لاہور پہنچ کر اپنی قوت اور اتحاد کا اظہار کرے گی۔

اہلِ حدیث اسٹوڈنٹس فیڈریشن پاکستان کے صدر حافظ عمر عبدالحمید نے کہا کہ اہلِ حدیث کا بچہ بچہ تحفظِ حرمین شریفین کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کو تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ 15 نومبر کو کانفرنس میں بھرپور شرکت کے ذریعے اس عزم کا عملی اظہار کیا جائے گا کہ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے دفاع کے لیے ہر ممکن قربانی دی جائے گی اور دشمن کے ناپاک عزائم کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔

جامعہ علوم اثریہ جہلم کے مدیر التعلیم مولانا عکاشہ مدنی نے کہا کہ سعودی عرب کے ساتھ ہماری محبت خالصتاً دینی بنیادوں پر قائم ہے اور ہم ہر پلیٹ فارم پر اس کا برملا اظہار کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تاریخ کا منصف مزاج طالب علم اس حقیقت سے آگاہ ہے کہ پاکستان کی ہر مشکل گھڑی میں سعودی عرب نے بھرپور مدد کی ہے، جو دنیا کے کسی دوسرے ملک نے نہیں کی۔ سعودی عرب سرزمینِ توحید ہے اور عالمِ اسلام میں احیائے سنت کا پرچم تھامے ہوئے ہے، اسی لیے ہم ہر پلیٹ فارم پر اس کا دفاع کریں گے۔

اجلاس میں جہلم شہر سے مرکزی جمعیت اہلِ حدیث کے اراکین کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور اس عزم کا اظہار کیا کہ 15 نومبر کو مینارِ پاکستان لاہور میں منعقد ہونے والی آل پاکستان اہلِ حدیث کانفرنس میں بھرپور شرکت کی جائے گی۔

↑
Exit mobile version