جہلم سمیت پنجاب میں رواں ہفتے ہیٹ ویو، بارش اور طوفان کا الرٹ جاری

جہلم: پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) پنجاب نے رواں ہفتے صوبے میں ہیٹ ویو، بارشوں اور طوفان کا الرٹ جاری کر دیا۔
ترجمان پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق 8 تا 10 مئی دن کے وقت درجہ حرارت میں 3 سے 5 ڈگری سینٹی گریڈ اضافے کا امکان ہے۔ اس دوران ضلع جہلم سمیت پنجاب کے بیشتر اضلاع میں گرد آلود ہوائیں چل سکتی اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے جبکہ 10 تا 11 مئی جنوبی پنجاب میں طوفانی بارش کا امکان ہے۔
جہلم، مری، گلیات، اسلام آباد راولپنڈی، اٹک، چکوال، منڈی بہاؤالدین، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، سیالکوٹ نارووال، لاہور، قصور، اوکاڑہ، فیصل آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ، جھنگ، خوشاب، سرگودھا، میانوالی، پاکپتن اور ساہیوال میں گرد آلود ہوائیں / آندھی / جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ پنجاب بھرمیں ضلعی انتظامیہ کو اس موسمی صورتٍ حال سے آگاہ کر دیا گیا ہے۔ طوفان سے کھڑی فصلوں کو نقصان پہنچنے کا بھی خدشہ ہے۔ گرمی اور لو کی شدت میں اضافے سے عوام کو محتاط رہنا ہو گا، دوپہر کے وقت کام کرنے والے لو سے بچنے کا اہتمام کریں۔
انہوں نے کہا کہ ہیٹ ویو سے بچاؤ کے لیے شہری ضروری احتیاطی تدابیر اپنائیں، غیر ضروری سفر سے گریز کریں، مویشی مالکان شدید گرمی کے دوران اپنے مال مویشیوں کے لئے حفاظتی اقدامات اپنائیں۔ 10 مئی سے ملک کے مختلف اضلاع میں آندھی، جھکڑ اور گرج چمک کے ساتھ بارشوں کا امکان ظاہر کیا ہے،کاشتکار حضرات موسم کی صورتحال کے مطابق اپنے معمولات تشکیل دیں۔
دوسری جانب اپریل 2024 میں مجموعی طور پر 59عشاریہ تین صفر ملی میٹر بارش ہوئی۔ اس سے پہلے اپریل 1983 میں55 اعشاریہ آٹھ صفر ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی تھی۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے اپریل کا ریویو جاری کیا گیا ہے جس کے مطابق ملک میں سب سے زیادہ پانچ سو بیس ملی میٹر بارش مالم جبہ میں ہوئی۔
ایک روز میں سب سے زیادہ اکیانوے ملی میٹر بارش دیر اور مالم جبہ میں ریکارڈ کی گئی، اپریل میں اوسط درجہ حرارت معمول سے صفر اعشاریہ 87 سینٹی گریڈ کم رہا۔
ملک کا اوسط درجہ حرارت 24 اعشاریہ 54 کے بجائے 27 اعشاریہ 67 سینٹی گریڈ رہا۔
علاوہ ازیں مئی کے آغاز سے ہی ملک کے بیشتر شہروں میں سورج آنکھیں دکھا رہا ہے ، جہلم میں درجہ حرارت بڑھنے سے گرمی کی شدت میں اضافہ ہوا ہے۔



