5
پنڈدادن خان میں نوازش شہید چوک کے قریب آوارہ کتے کے حملے میں ایک شخص زخمی ہو گیا۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل پنڈدادن خان میں آوارہ کتوں کی تعداد میں بے پناہ اضافہ ہو چکا ہے جس کے نتیجے میں مختلف واقعات رونما ہو رہے ہیں۔ گزشتہ روز نوازش شہید چوک کے قریب شالیمار ہوٹل کے سامنے آوارہ کتے نے ایک شخص کو کاٹ کر زخمی کر دیا۔ یہ واقعہ شہریوں میں خوف و ہراس کا باعث بنا ہے۔
رواں ماہ کے آغاز میں سوڈی گجر کے علاقے میں ایک دلخراش واقعہ پیش آیا تھا جہاں ایک دو سالہ معصوم بچے کو آوارہ کتے نے بری طرح نوچ لیا۔ اس واقعے کے نتیجے میں بچے کا چہرہ بری طرح متاثر ہوا اور اسے فوری طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا تھا۔
گزشتہ ماہ بھی پنڈدادن خان کے مختلف علاقوں میں آوارہ کتوں نے متعدد بچوں کو کاٹ لیا تھا، جس کے باعث شہریوں میں تشویش بڑھتی جا رہی ہے۔ سگ گزیدگی کے بڑھتے ہوئے ان غیر معمولی واقعات نے انتظامیہ کی کارکردگی پر سوالیہ نشان لگا دیا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ انتظامیہ کو فوری طور پر آوارہ کتوں کے خاتمے کے لیے موثر اقدامات کرنے چاہییں۔ ان کا مطالبہ ہے کہ عوامی مقامات پر آوارہ کتوں کو قابو میں لانے کے لیے مستقل حکمت عملی وضع کی جائے تاکہ مزید جانی نقصان اور خوف کے ماحول سے بچا جا سکے۔
