پنڈدادنخان میں کینیڈین غیر مسلم لڑکی نے اسلام قبول کر کے نوجوان سے شادی کر لی۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل پنڈدادنخان میں کینیڈا سے تعلق رکھنے والی ایک غیر مسلم لڑکی نے اسلام قبول کر لیا اور بعد ازاں مقامی نوجوان سے نکاح بھی کر لیا۔
لڑکی نے دارالعلوم محمدیہ رضویہ پنڈدادنخان کے پرنسپل معروف دینی شخصیت پیر محمد انور قریشی ہاشمی دامت برکاتہم العالیہ کے ہاتھ پر اسلام قبول کیا۔ غیر مسلم لڑکی جانب سے اسلام قبول کرنے کا عمل مرکزی جامع مسجد سیدنا امیر حمزہ رضی اللہ عنہ میں انجام پایا، جہاں نو مسلم لڑکی نے اپنی رضا مندی اور والدین کی موجودگی میں اسلام قبول کیا۔
بعد ازاں ان کا نکاح محلہ کوٹ سلطان پنڈدادنخان کے رہائشی عبدالوہاب ولد عبدالواحد سے پڑھایا گیا۔ نکاح کی تقریب میں پیر محمد انور قریشی ہاشمی نے عبدالوہاب کے جذبے کو سراہا اور کہا کہ ان کی کوششوں سے ایک غیر مسلم خاتون نے اسلام قبول کیا۔
