ڈپٹی کمشنر نے دریائے جہلم، نہروں اور ندی نالوں میں نہانے پر مکمل پابندی عائد کر دی

جہلم: ڈپٹی کمشنر نے دریائے جہلم، نہروں اور ندی نالوں میں نہانے پر مزید ایک ماہ کیلئے پابندی عائد کر دی۔

تفصیلات کے مطابق شدید گرمی اور تعطیلات کے دوران ممکنہ جانی نقصان کے پیش نظر ڈپٹی کمشنر جہلم محمد میثم عباس نے دریائے جہلم، نہروں، ندی نالوں اور تمام قسم کے ڈیمز میں نہانے پر مکمل پابندی عائد کرتے ہوئے دفعہ 144 سی آر پی سی نافذ کر دی ہے۔ اس ضمن میں باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق 26 جون 2025 سے لے کر 25 جولائی 2025 تک کے لیے پابندی کا اطلاق ہوگا جو کہ 30 روز پر محیط ہو گی۔ اس دوران کوئی بھی شہری دریاؤں، نہروں، نالوں یا دیگر آبی ذخائر میں نہا نہیں سکے گا۔

ڈپٹی کمشنر نے وضاحت کی ہے کہ یہ فیصلہ قیمتی انسانی جانوں کے تحفظ اور ڈوبنے کے واقعات کی روک تھام کے لیے کیا گیا ہے۔ نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ اگر کوئی شہری اس حکم کی خلاف ورزی کرتا ہے تو اس کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی، اور حکم کی میعاد ختم ہونے کے بعد بھی اس کے تحت کی جانے والی تمام کارروائیاں مؤثر تصور ہوں گی۔

مزید برآں اس فیصلے کو عوام میں وسیع پیمانے پر پہنچانے کے لیے ہدایت کی گئی ہے کہ اسے سرکاری گزٹ، اخبارات، ریڈیو پاکستان اور پاکستان ٹیلیویژن پر نشر کیا جائے تاکہ شہریوں کو مکمل آگاہی حاصل ہو۔

ڈپٹی کمشنر میثم عباس نے کہا کہ عوامی تحفظ اور امن و امان کو یقینی بنانے کے لیے فوری اقدامات ناگزیر تھے، اور انتظامیہ ہر ممکن کوشش کر رہی ہے کہ موسم گرما کے دوران شہری کسی قسم کی ناگہانی صورتحال سے محفوظ رہیں۔

Exit mobile version