دریائے جہلم کے قریب مویشی چرانے والا نوجوان دریا میں ڈوب گیا، نوجوان کی ایک ماہ قبل شادی ہوئی تھی۔
تفصیلات کے مطابق جہلم میں تھانہ چوٹالہ کے علاقے رسول نگر خورد میں ایک افسوسناک حادثے کے نتیجے میں دریائے جہلم کے قریب مویشی چراتے ہوئے ایک نوجوان دریا میں ڈوب کر جاں بحق ہو گیا۔
رسول نگر کا رہائشی محمد فیصل ولد ظفر دریائے جہلم کے کنارے مویشی چرا رہا تھا کہ مبینہ طور پر اچانک دریا میں گر گیا اور تیز بہاؤ کے باعث ڈوب گیا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی اہلِ علاقہ بڑی تعداد میں موقع پر پہنچ گئے اور اپنی مدد آپ کے تحت طویل تلاش کے بعد نوجوان کی لاش دریا سے نکال لی۔ اطلاع پر ریسکیو 1122 کی ٹیم بھی جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور ضروری کارروائی میں حصہ لیا۔
اہل خانہ کے مطابق محمد فیصل کی صرف ایک ماہ قبل شادی ہوئی تھی، جس کے باعث اس کی اچانک وفات نے گھر کی خوشیوں کو غم میں بدل دیا۔ مرحوم کی وفات پر اہل خانہ، عزیز و اقارب اور اہلِ علاقہ نے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔
مقامی افراد کے مطابق ضلع جہلم میں حالیہ عرصے کے دوران دریا اور نہروں میں ڈوبنے کے واقعات میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ انہوں نے متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا کہ خطرناک مقامات پر حفاظتی اقدامات، انتباہی بورڈز اور عوامی آگاہی مہم کو مزید موثر بنایا جائے تاکہ ایسے افسوسناک واقعات کی روک تھام ممکن بنائی جا سکے۔
