چینی، گھریلو سیلنڈر، بیف، آٹے کا تھیلا اور چاول مہنگے ہو گئے

جہلم: ادارہ شماریات نے مہنگائی کے ہفتہ وار اعدادوشمار جاری کر دیئے، گزشتہ ہفتے کے دوران مہنگائی میں 0 اعشاریہ 09 فیصد کمی، سالانہ شرح منفی 0 اعشاریہ 87 فیصد ریکارڈ کی گئی۔

رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے میں20 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی آئی، اس دوران 13 اشیائے ضروریہ کے دام بڑھ گئے، کیلے 10 فیصد، چینی 3 اعشاریہ 15 فیصد، انڈے 2 اعشاریہ 52 فیصد مہنگے ہوگئے۔

مٹن، بیف، گڑ، گندم کا آٹا، چاول، ایل پی جی بھی مہنگی ہوئی، گزشتہ ہفتے کپڑے، سگریٹس کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوا۔

دوسری جانب پیاز 5 اعشاریہ 59 فیصد، چائے 4 اعشاریہ 47 فیصد، لہسن 3 اعشاریہ 89 فیصد، ٹماٹر 3 اعشاریہ 60 فیصد، دال چنا 3 اعشاریہ 49 فیصد، ماش 2 اعشاریہ 82 فیصد سستی ہوئی ہے۔

آلو کی قیمت میں 2 اعشاریہ 60 فیصد، دال مسور 1 اعشاریہ 50 فیصد سستی، ڈیزل 2 فیصد اور پیٹرول کے نرخوں میں 0 اعشاریہ 24 فیصد تک کمی ہوگئی۔

ادارہ شماریات کا اپنی رپورٹ میں یہ بھی کہنا تھا کہ گزشتہ ہفتے کے دوران کیلے 18 روپے فی درجن تک مہنگے ہوئے، چینی مزید 5 روپے مہنگی ،اوسط قیمت 162 روپے 64 پیسے فی کلو رہی، ایک ہفتے کے دوران ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 83 روپے 25 پیسے تک مہنگا ہوا۔

اسی طرح انڈے فی درجن 7 روپے 23 پیسے، مٹن 6 روپے 56 پیسے تک مہنگا، 20 کلو آٹے کا تھیلا 3 روپے 91 پیسے، بیف 50 پیسے تک مہنگا ہوا۔ ایک ہفتے میں پیاز 4 روپے 95 پیسے، ٹماٹر 2 روپے تک سستے ہوئے۔

Exit mobile version