مشیر صحت ڈاکٹر اظہر محمود کیانی کا لہڑی پارک کا دورہ، سیاحوں کیلئے سہولیات بہتر بنانے کی ہدایت

دینہ: مشیر صحت پنجاب میجر جنرل (ر) ڈاکٹر اظہر محمود کیانی نے ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس کے ہمراہ دینہ کے نواح میں واقع لہڑی پارک کا دورہ کیا۔

اس موقع پر انہوں نے پارک کی مجموعی حالت کا جائزہ لیتے ہوئے اسے مزید بہتر بنانے اور سیاحوں کو معیاری سہولیات فراہم کرنے کے لیے واضح ہدایات جاری کیں۔

مشیر صحت پنجاب نے پارک کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا اور وہاں صفائی، پودوں کی دیکھ بھال، نشست گاہوں، روشنی کے انتظامات اور دیگر سہولیات کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔

انہوں نے شجرکاری مہم کو فروغ دینے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ سرسبز ماحول صحت مند معاشرے کی ضمانت ہے، لہٰذا اس پارک میں بھرپور شجرکاری کی جائے تاکہ نہ صرف ماحولیاتی بہتری آئے بلکہ سیاحوں کو پُرسکون اور خوشگوار فضا بھی میسر آئے۔

دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر میثم عباس نے مشیر صحت کو پارک کو درپیش مختلف مسائل سے بھی آگاہ کیا، جنہیں حل کرنے کے لیے مشترکہ کوششوں پر اتفاق کیا گیا۔

ڈاکٹر اظہر محمود کیانی نے مقامی انتظامیہ کو ہدایت دی کہ لہڑی پارک کو ضلع جہلم کا نمایاں تفریحی مقام بنانے کے لیے ٹھوس اقدامات کیے جائیں اور ترقیاتی منصوبے جلد از جلد مکمل کیے جائیں۔

Exit mobile version