پنڈدادنخان:ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم شفیق احمد چوہدری کی ہدایت پر ایس پی انویسٹیگیشن محمد سکندر گوندل، ڈی ایس پی پنڈدادنخان میاں عبدالجبار اور ایس ایچ او تھانہ جلالپور شریف نے ایس ایس پی اشرف مارتھ شہید کی 29ویں برسی کے موقع پر ان کے مزار پر حاضری دی اور عظیم قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
اس موقع پر موضع سگھرپور، جلالپور شریف میں پولیس کے چاق و چوبند دستے نے شہید کی لحد پر باوقار سلامی پیش کی۔ تقریب کے دوران پولیس افسران نے شہید کی قبر پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور ان کے درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعا بھی کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایس پی انویسٹیگیشن محمد سکندر گوندل اور ڈی ایس پی پنڈدادنخان میاں عبدالجبار نے کہا کہ شہداء قوم کے محسن ہیں اور ان کی قربانیاں قوم کے ماتھے کا جھومر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انہی قربانیوں کی بدولت آج معاشرہ امن و استحکام سے ہمکنار ہے۔
یاد رہے کہ ایس ایس پی اشرف مارتھ شہید 6 مئی 1997 کو گوجرانوالہ میں دہشتگردوں کی اندھا دھند فائرنگ کے نتیجے میں شدید زخمی ہوئے اور جامِ شہادت نوش کر گئے تھے۔ ان کی بے مثال بہادری، جرات اور پیشہ ورانہ دیانت کے اعتراف میں حکومتِ پاکستان نے انہیں ستارۂ شجاعت سے نوازا، جبکہ گوجرانوالہ پولیس لائنز کو بھی ان کے نام سے منسوب کیا گیا۔
ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری نے اپنے پیغام میں کہا کہ ایس ایس پی اشرف مارتھ شہید ایک بہادر، نڈر اور فرض شناس افسر تھے جن کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ شہداء کی لازوال قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں اور انہی کی بدولت قوم آج امن و سکون کی زندگی گزار رہی ہے۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ شہداء کے مشن کو اسی جذبے اور خلوص کے ساتھ آگے بڑھایا جائے گا جبکہ شہداء کی فیملیز کی کفالت اور فلاح و بہبود کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔
تقریب کے اختتام پر شرکاء نے شہداء کی عظیم قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے اس عہد کی تجدید کی کہ وطنِ عزیز کے امن و استحکام کے لیے دی گئی قربانیوں کو ہمیشہ قدر و احترام کی نگاہ سے دیکھا جائے گا۔
