22
سوہاوہ: ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر سوہاوہ غزالہ اصغر نے شہر کے مختلف بازاروں اور مارکیٹوں کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس دورے کا بنیادی مقصد اشیائے خوردونوش کی قیمتوں کو کنٹرول کرنا اور گراں فروشی کے خلاف مؤثر کارروائی کو یقینی بنانا تھا۔
دورے کے دوران اسسٹنٹ کمشنر غزالہ اصغر نے کریانہ اسٹورز، سبزی و پھل فروشوں اور گوشت کی دکانوں پر نرخوں کا معائنہ کیا۔ انہوں نے دکانداروں کو سختی سے ہدایت کی کہ سرکاری نرخ نامے نمایاں مقامات پر آویزاں کیے جائیں اور مقررہ نرخوں سے زائد قیمت وصول کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
معائنے کے دوران نرخ نامے آویزاں نہ کرنے اور گراں فروشی میں ملوث متعدد دکانداروں پر بھاری جرمانے بھی عائد کیے گئے۔ اسسٹنٹ کمشنر سوہاوہ غزالہ اصغر نے واضح کیا کہ مارکیٹوں کی چیکنگ روزانہ کی بنیاد پر کی جائے گی تاکہ مصنوعی مہنگائی کا خاتمہ ممکن بنایا جا سکے۔
انہوں نے دکانداروں کو خبردار کیا کہ ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کو نہ صرف جرمانے بلکہ جیل کی سزا کا بھی سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کا کہنا ہے کہ شہریوں کو معیاری اشیائے ضروریہ سستے داموں فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے فیلڈ میں مسلسل نگرانی جاری رکھی جائے گی۔
