جہلم: چہلم حضرت امام حسین علیہ السلام کے مقدس موقع پر ضلع بھر میں منعقد ہونے والے جلوسوں اور مجالس میں شرکت کرنے والے عزاداروں کی طبی امداد کے لیے ریسکیو 1122 جہلم نے وسیع پیمانے پر ایمرجنسی کور فراہم کی، جس کے دوران 101 سے زائد افراد کو ابتدائی طبی امداد دی گئی جبکہ ایک زخمی عزادار کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا۔
ضلعی ایمرجنسی آفیسر جہلم انجینئر سعید احمد نے بتایا کہ سیکرٹری ایمرجنسی سروسز پنجاب ڈاکٹر رضوان نصیر اور ڈپٹی کمشنر جہلم کی ہدایات کی روشنی میں چہلم کے موقع پر ایمرجنسی میڈیکل سہولیات کے انتظامات کو یقینی بنایا گیا تھا۔ اس سلسلے میں ریسکیو 1122 کی ٹیمیں تحصیل جہلم اور تحصیل سوہاوہ کے تمام اہم جلوسوں اور عزاداری کی مجالس میں تعینات کی گئی تھیں۔
ایمرجنسی آپریشنز کے دوران ریسکیو 1122 جہلم کے 30 سے زائد تربیت یافتہ ریسکیوَرز اور رضاکاروں نے اپنی خدمات سر انجام دیں۔ طبی امداد کے لیے 3 ایمبولینسز، 6 موٹر بائیک ریسکیو سروسز اور حادثات یا آگ کے واقعات سے نمٹنے کے لیے ایک فائر وہیکل بھی الرٹ رہی۔
انہوں نے مزید کہا کہ تمام عملے کو خاص ہدایات جاری کی گئی تھیں کہ وہ عزاداروں کے ساتھ نرمی اور احترام سے پیش آئیں اور کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں فوری ردعمل ظاہر کریں۔ ان انتظامات کا بنیادی مقصد مقدس ایام میں عوام کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانا تھا۔
