جہلم: پنجاب حکومت نے پرائس کنٹرول کمیٹیوں کی فعالیت، شفافیت اور مؤثر نگرانی کو یقینی بنانے کے لیے ایک اہم انتظامی فیصلہ کرتے ہوئے ڈی او انڈسٹری کو پرائس کنٹرول کمیٹی سے علیحدہ کر دیا ہے۔ اب ان کی جگہ ایگریکلچر اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایڈمن (ای اے ڈی اے) کو پرائس کنٹرول کمیٹی کا سیکرٹری مقرر کر دیا گیا ہے۔
محکمہ پرائس کنٹرول کے ذرائع کے مطابق یہ فیصلہ اس وقت کیا گیا جب حکومت پنجاب کو جہلم سمیت دیگر اضلاع سے ڈی او انڈسٹری کی ناقص کارکردگی، عدم دلچسپی اور تعاون نہ کرنے سے متعلق متعدد شکایات موصول ہوئیں۔ اس پر حکومت نے واضح مؤقف اختیار کرتے ہوئے فیصلہ کیا کہ جو افسران اپنی ذمہ داریاں بہتر انداز میں ادا نہیں کریں گے، انہیں ان اہم انتظامی عہدوں سے ہٹا دیا جائے گا۔
واضح رہے کہ پرائس کنٹرول کمیٹیاں پنجاب بھر میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام، ناجائز منافع خوری اور مصنوعی مہنگائی کی روک تھام کے لیے قائم کی گئی ہیں، اور ان کی کارکردگی براہِ راست عوام کے ریلیف سے منسلک ہے۔ حکومت پنجاب ان کمیٹیوں کی مؤثر نگرانی کے لیے وقتاً فوقتاً اصلاحی اقدامات اٹھا رہی ہے تاکہ عوام کو روزمرہ اشیاء مناسب نرخوں پر میسر آ سکیں۔
